مہاراشٹرا

"موت اُس کی جسے زمانہ کرے یاد”

"انجمنِ خدمتِ خلق میں الحاج شیخ حسن نور محمد کی پرُمعنویت تعزیتی نشست"

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
انجمنِ خدمتِ خلق شہر کی دخترانِ ملت کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے والا معتبر ادارہ اُس وقت گہرے رنج و الم میں ڈوب گیا جب اس کے بانی ارکان میں شامل، ستون کی حیثیت رکھنے والے، اعزازی جنرل سیکریٹری الحاج شیخ حسن نور محمد (المعروف شیخ صاحب) اس دنیائے فانی سے رخصت ہوگئے۔ مرحوم کی یاد میں ایک پراثر تعزیتی نشست ادارے کے صدر اور معروف سماجی و سیاسی رہنما الحاج خالد بابا باغبان کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں ماحول سوگواری اور روحانی کیفیت سے معمور تھا۔


اس موقع پر الحاج خالد بابا باغبان نے مرحوم شیخ حسن کے ساتھ گزرے ہوئے قیمتی لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ "مرحوم تخلیقی ذہن، نفیس شخصیت اور اعلیٰ کردار کے حامل تھے۔ ان کی اخلاقی وجاہت اور خدمات کا فیض مدتوں یاد رکھا جائے گا۔”
ان کا کہنا تھا کہ ادارۂ خدمت خلق کے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے میں مرحوم کا کردار سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسی سلسلے میں موظف صدر معلم عقیل خان بیاولی، موظف صدر معلم محمد مشتاق کریمی، اور معلم شاہ ذاکر امان اللہ نے بھی مرحوم کی تعلیمی، سماجی اور فلاحی خدمات کا بھرپور اعتراف کیا۔ مقررین نے بتایا کہ مرحوم نے ضلع پریشد جلگاؤں کے مختلف شعبہ جات، خصوصاً محکمۂ تعلیم میں انتہائی دیانت و محنت سے خدمات انجام دیں، اور اقلیتی تعلیمی اداروں کی تقویت میں قابلِ فخر کردار ادا کیا۔

مرحوم کے فرزند ارجمند ڈاکٹر التمش حسن نے نہایت جذباتی انداز میں اپنے والد کی گھریلو زندگی، ان کی اصول پسندی، فرائض کی ادائیگی کے طور طریقوں اور آخری اوقات تک برقرار رہنے والی منظم شخصیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے والد کے ادھورے کاموں کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے اور ان کے خوابوں کو حقیقت بنائیں گے۔ معروف صحافی مہتاب عالم بھوپالی نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملت کے لیے کام کرنے والی ایسی شخصیات دراصل قوم کا سرمایہ ہوتی ہیں، جن کے جانے سے خلا پیدا ہوتا ہے مگر ان کی

نیکیاں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ نشست کے اغراض و مقاصد تبریز اسلم شیخ نے بیان کیے، نظامت محمد زیان نے انجام دی، جبکہ نازیہ شیخ نے نشست کی تائید و تحریک پیش کی۔ رسمِ تشکر رضوانہ سید نے ادا کیا۔ اس موقع پر ادارے کے معاون سیکریٹری ذاہد بھائی شاہ،رکن انجمن آصف اقبال باغبان ،صدر مدرس شعبۂ پرائمری الحاج انیس احمد طاہر، محمد عاصم رزاق سر، صابر سر، اور ذاہد حسین سر بھی موجود تھے۔ تعزیتی نشست کی کامیابی کے لیے صدر معلمہ تنویر جہاں شیخ کی زیرِ قیادت تدریسی و غیر تدریسی عملے نے بھرپور محنت کی۔ نشست کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے قلبی و روحانی دعاؤں سے ہوا، جس نے پورے ماحول کو نورانی سکون عطا کیا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!