مکہ حادثہ: جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے ایکس گریشیا کا اعلان
تلنگانہ کابینہ کا فیصلہ — ہر خاندان کے 2 افراد کو سعودی عرب لے جانے کا انتظام


حیدرآباد: سعودی عرب میں پیش آئے ہولناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے تلنگانہ کے شہریوں کے اہلِ خانہ سے ریاستی کابینہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ کابینہ نے آج ہونے والے اجلاس میں متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی خاندان 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔
سرکاری وفد فوری طور پر سعودی عرب روانہ کرنے کا فیصلہ
کابینہ نے حادثے کے بعد ضروری کارروائی، رہنمائی اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لیے ایک سرکاری وفد تشکیل دیا ہے۔یہ وفد ریاستی وزیر اظہر الدین، مجلس (MIM) کے ایک رکن اسمبلی، اور اقلیتی بہبود محکمہ کے ایک سینئر افسر پر مشتمل ہوگا، جو فوری طور پر سعودی عرب روانہ ہوگا۔
جاں بحق افراد کی تدفین سعودی عرب میں ہی انجام دی جائے گی
کابینہ نے غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی تدفین سعودی عرب میں ہی ادا کی جائے گی، تاکہ اس مقدس سرزمین پر ان کے اہلِ خانہ کی مذہبی خواہشات کا احترام کیا جا سکے۔
دو افراد کو سعودی عرب لے جانے کا انتظام
ریاستی حکومت نے مزید اعلان کیا ہے کہ ہر متاثرہ خاندان کے دو افراد کو سعودی عرب لے جانے کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، تاکہ وہ تدفین اور دیگر ضروری کارروائیوں میں شریک ہوسکیں۔
اس مقصد کے لیے حکومت نے متعلقہ محکموں کو فوری تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی ہے۔





