مہاراشٹرا

"مہاراشٹر کے دل کی بات ہوگی”، ادھو ٹھاکرے نے راج ٹھاکرے سے اتحاد پر دیا واضح اشارہ

ممبئی، 7 جون 2025: مہاراشٹر کی سیاست میں ایک اہم موڑ آتا دکھائی دے رہا ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے راج ٹھاکرے کے ساتھ ممکنہ اتحاد پر پہلی بار کھل کر لب کشائی کرتے ہوئے کہا:
"جو مہاراشٹر کے دل میں ہے وہی ہوگا، اور بہت جلد آپ کو خبر ملے گی۔”
یہ بیان اس بات کی طرف مضبوط اشارہ ہے کہ شیوسینا (ادھو) اور مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے درمیان طویل عرصے سے زیر غور اتحاد اب جلد ہی حقیقت بن سکتا ہے۔

یہ بیان ادھو ٹھاکرے نے جمعہ کو ایک تقریب کے دوران دیا، جہاں ایکناتھ شندے کی پارٹی سے تعلق رکھنے والی لیڈر سجاتا شنگاڑے نے شیوسینا میں شمولیت اختیار کی۔ اسی موقع پر ادھو نے کہا:
"باریکیوں پر غور کیا جا رہا ہے، دونوں طرف سے کوئی شبہ نہیں ہے، جلد نتیجہ سامنے آئے گا۔”

ادھو نے مزید کہا کہ وہ محض اشارے دینے کے بجائے براہ راست خبر دینا چاہتے ہیں، جس سے اس معاملے کی سنجیدگی اور پیش رفت کا اندازہ ہوتا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے جب ادھو ٹھاکرے نے براہ راست اس موضوع پر گفتگو کی ہے۔ اس سے پہلے پارٹی ترجمان سنجے راؤت نے اتحاد کے امکانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کارکنان کی سطح پر میل جول شروع ہو چکا ہے اور قیادت کی جانب سے بھی مثبت پیغامات مل رہے ہیں۔

سنجے راؤت نے کہا:
"جب قیادت سنجیدہ ہو تو کارکنان میں خودبخود میل پیدا ہوتا ہے۔ راج ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے کے قریبی حلقے بھی اس اتحاد کے لیے مثبت سوچ رکھتے ہیں۔”

ادھو کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے نے بھی ایک روز قبل اپنے بیان میں اتحاد کے امکان کو مسترد نہیں کیا تھا۔

دوسری طرف، راج ٹھاکرے کے بیٹے امیت ٹھاکرے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا:
"اگر واقعی کچھ ہونا ہے تو دونوں بھائیوں کو خود بات کرنی چاہیے۔ میڈیا میں بیانات دینے سے کچھ نہیں ہوگا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کے پاس کوئی تجویز ہے تو وہ اسے باضابطہ طور پر پیش کرے، صرف اخبارات یا سوشل میڈیا پر پوسٹ ڈالنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

قابلِ ذکر ہے کہ حال ہی میں ایم این ایس ممبئی صدر سندیپ دیشپانڈے نے راج اور ادھو کی ایک پرانی تصویر شیئر کی تھی، جس میں دونوں بھائی ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر کو سوشل میڈیا پر اتحاد کی ایک خوش آئند علامت کے طور پر دیکھا گیا۔

اب جب کہ ادھو ٹھاکرے نے بھی کھلے الفاظ میں کہا ہے کہ "جلد خبر ملے گی”، عوام، حامی اور مبصرین سب کی نظریں ممکنہ اتحاد کے باضابطہ اعلان پر مرکوز ہیں۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!