مہاراشٹرا

مہاراشٹر: ہر ماہ 200 سے زائد کسان کر رہے ہیں خودکشی، ریاستی اسمبلی میں ہوش اڑا دینے والے انکشافات

ممبئی، 4 جولائی 2025: مہاراشٹر اسمبلی میں آج کسانوں کی خودکشیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، جب ریاست کے وزیر برائے راحت و بازآبادکاری مکرند جادھو نے بتایا کہ ریاست میں ہر ماہ دو سو سے زائد کسان خودکشی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مارچ 2025 میں 250 اور اپریل میں 229 کسانوں نے اپنی جان دی۔

جادھو نے یہ بھی واضح کیا کہ زیادہ تر خودکشیاں مراٹھواڑہ اور وِدربھ جیسے زرعی بحران سے متاثرہ علاقوں میں ہو رہی ہیں۔ خودکشی کرنے والے کسانوں میں سے کئی کو سرکاری امداد کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے، جبکہ درجنوں معاملے اب بھی جانچ کے دائرے میں ہیں۔

تین ماہ میں 767 کسانوں نے کی خودکشی اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس معاملے کو زور شور سے اٹھایا۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے مارچ 2025 کے درمیان ریاست بھر میں 767 کسانوں نے خودکشی کی۔ ان میں سے 376 کسان ایسے تھے جنہیں حکومت کی جانب سے امداد ملی، جبکہ 200 کسانوں کو نااہل قرار دے کر معاوضے سے محروم رکھا گیا۔ 191 معاملے ابھی تک زیرِ تحقیق ہیں۔

کانگریس کا مطالبہ: معاوضہ بڑھایا جائے ریاست میں جاری کسان بحران پر کانگریس نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ متاثرہ خاندانوں کو صرف ایک لاکھ روپے کا معاوضہ دینا کہاں کا انصاف ہے؟ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ معاوضے کی رقم میں فوری اضافہ کیا جائے۔

اپنے بیان میں وزیر مکرند جادھو نے کہا کہ ریاستی حکومت قدرتی آفات یا فصل برباد ہونے پر معاوضہ فراہم کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت ضرورت مند کسانوں کو سالانہ 6000 روپے دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی حکومت کی ’پی ایم کسان سمّان یوجنا‘ کے تحت بھی کسانوں کو سالانہ 6000 روپے کی مالی مدد دی جا رہی ہے۔

زرعی ماہرین اور سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ صرف مالی امداد کافی نہیں ہے۔ کسانوں کو فصلوں کی مناسب قیمت، قرض سے آزادی، اور طویل مدتی پالیسی تحفظ کی ضرورت ہے، تبھی یہ بحران کم ہو سکے گا۔

مہاراشٹر میں کسانوں کی مسلسل خودکشی نے ریاست کے زرعی نظام، حکومتی پالیسیاں، اور دیہی معیشت پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اپوزیشن اور کسان تنظیمیں اب حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کی توقع کر رہی ہیں تاکہ کسانوں کی جان بچائی جا سکے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!