ایجوکشن

مہانگر پالیکا اُردو اسکول نمبر 9 کو منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف والدین میں غم و غصہ؛

 ونجیت بہوجن اگھاڑی، ناندیڑ (جنوب) کی جانب سے یادداشت پیش

ناندیڑ | نمائندۂ خصوصی : ناندیڑ شہر کے قلعہ علاقہ میں واقع منپا اُردو پرائمری اسکول نمبر 9 کو منتقل کرنے کی اطلاعات پر مقامی والدین میں شدید ناراضی اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ اگر یہ اسکول ہٹایا گیا تو طلبہ کی تعلیم بری طرح متاثر ہوگی اور ان کی سلامتی پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا۔

اس تناظر میں ونجیت بہوجن اگھاڑی ناندیڑ (جنوب) شہر کی قیادت میں والدین کے ایک وفد نے انتظامیہ کو باقاعدہ یادداشت پیش کرتے ہوئے اسکول منتقلی کا فیصلہ فوری طور پر منسوخ کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا۔

یادداشت میں درج اہم مطالبات:
منپا اُردو اسکول نمبر 9 کو ہرگز منتقل نہ کیا جائے۔
اسکول کا وجود باقی رکھتے ہوئے طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
مقامی اداروں اور انتظامیہ کے درمیان مفاہمت و مشاورت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے۔

عوامی جذبات سے کھیلنے یا یکطرفہ غیر جمہوری فیصلوں سے گریز کیا جائے۔
قلعہ کے داخلی دروازے کے بائیں جانب واقع تین بڑی پانی کی ٹاکیاں جو فعال ہیں، ان کی موجودگی اسکول کی موجودگی پر کوئی رکاوٹ نہیں بنتی۔

یادداشت پر فاروق احمد (صوبائی نائب صدر، ونجیت بہوجن اگھاڑی)، انجینئر پرشانت انگولے، شام کامبلے، وٹھل گائکواڑ، عتیق لیڈر سمیت دیگر عہدیداران و والدین نے دستخط کیے۔

اس موقع پر ونجیت کی جانب سے فاروق احمد نے کہا:
"راجشری شاہو مہاراج جنہوں نے مسلمانوں کے لیے تعلیمی میدان میں مساوات اور مرکزی دھارے میں لانے کی کوشش کی، ان کی جینتی کے دن ہمیں اسکول کے تحفظ کے لیے احتجاج کرنا پڑ رہا ہے، یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اسکول محض تعلیم کا مرکز نہیں بلکہ ایک پوری قوم کے وجود و مستقبل کی علامت ہے۔ اگر اس اسکول کو ہٹایا گیا تو یہ نہ صرف تعلیمی بلکہ سماجی ناانصافی ہوگی۔ ہمارا احتجاج ہر پسماندہ اور اقلیتی طالب علم کے تعلیمی حق کے لیے ہے۔”

ونجیت بہوجن اگھاڑی نے انتظامیہ کو سخت وارننگ دی کہ اگر والدین کے جذبات اور طلبہ کے تعلیمی حق کو نظرانداز کیا گیا تو زبردست عوامی تحریک شروع کی جائے گی، اور اس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!