مہا نگر پالیکا اسکول نمبر 12، حیدر باغ ناندیڑ میں فن فیر فوڈ اسٹال کا شاندار انعقاد

ناندیڑ: آج مہا نگر پالیکا کے اسکول نمبر 12، حیدر باغ ناندیڑ میں فن فیر فوڈ اسٹال پروگرام کا کامیاب اور شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس تعلیمی و تفریحی پروگرام میں طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کا افتتاح مہا نگر پالیکا اسکول نمبر ۸ کے صدر مدرس جناب مصطفیٰ خان صاحب کے دستِ مبارک سے انجام پایا۔ اس موقع پر مہا نگر پالیکا کے مختلف اسکولوں کے صدر مدرسین بطور مہمانِ خصوصی موجود تھے، جن میں جناب پرمیشور ماہور، جناب عبدالعظیم صدیقی اور جناب صاحب راؤ کلیان شامل تھے۔
مہمانانِ خصوصی کا پُرتپاک استقبال اسکول کے صدر مدرس جناب راجہ پٹیل عبدالمطلب کے ہاتھوں کیا گیا۔
پروگرام کے دوران طلبہ و طالبات نے الگ الگ پکوانوں کے فوڈ اسٹال قائم کیے، جن میں مختلف لذیذ کھانوں کی نمائش اور فروخت کی گئی۔ طلبہ نے نہ صرف کھانوں کی تیاری میں دلچسپی لی بلکہ کاروباری اور عملی تجربہ بھی حاصل کیا۔
فن فیر میں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا حسین مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ والدین نے بچوں کی محنت کو سراہتے ہوئے پروگرام کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔
آخر میں منتظمین نے تمام مہمانوں، والدین، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اس طرح کی سرگرمیوں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اسکول کے تمام اساتذہ نے انتھک محنت کی۔




