میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کی جیت کی روایت برقرار رہے گی: عبدالستار

ناندیڑ۔ ۲۰؍ اکتوبر ( نامہ نگار ):آئندہ دنوں ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات میں ناندیڑ میں کانگریس کی جیت کی روایت برقرار رہے گی۔ ۸۱؍ میں سے پھر ایک بار ۷۳؍ سے زائد کارپوریٹر کانگریس کے ہی منتخب ہوں گے اس طرح کا بیان کانگریس کمیٹی کے ناندیڑ شہر صدر و سابق میئر عبدالستار نے دیا۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے بسمت کے سابق صدر بلدیہ عبدالحفیظ کو آنے والے الیکشن کے مد نظر ناندیڑ شمال اور ناندیڑ جنوب اسمبلی حلقوں کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
عبدالحفیظ کی موجودگی میں گزشتہ کل ناندیڑ شہر کانگریس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس پاکیزہ فنکشن ہال میں منعقد ہوا تھا جس میں پارٹی کے آبزرور عبدالحفیظ، شہر صدر عبدالستار ، سابق ڈپٹی میئر شمیم عبداللہ، عبدالغفار، پارٹی کے سینئر لیڈر سریش گائیکواڑ، سابق چیئرمن فاروق علی خان سمیت کانگریس پارٹی کے سابقہ کارپوریٹرس اور شہر کانگریس کمیٹی کے عہدیداران موجود تھے۔ اس موقع پر نونامزد پارٹی آبزرور عبدالحفیظ کی کثرت سے گلپوشی کر کے ان کا استقبال کیا گیا۔ پارٹی کے لیڈر سریش گائیکواڑ نے اپنے خطاب میں کہا کے ناندیڑ ضلع میں آج کانگریس پارٹی کے لئے ماحول سازگار ہے خاص کر دلت اور مسلم طبقہ کی کانگریس پارٹی کو بھر پور تائید حاصل ہے۔
پارٹی آبزرور عبدالحفیظ نے کہا کے آنے والے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کے لیے وہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی ہدایتوں پر وہ عمل کرتے ہوئے پارٹی کے زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو کامیاب کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے۔ شہر صدر عبدالستار نے اپنے خطاب میں کہا کے پچھلے سال دونوں لوک سبھا انتخابات میں کانگریس امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ اسمبلی الیکشن میں کانگریس کے امیدواروں کو انتہائی کم ووٹوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ ناندیڑ کی عوام اس بار بھی کانگریس پارٹی کے ساتھ ہے پچھلی بار الیکشن میں ۸۱؍ میں سے ۷۳؍ امیدوار کانگریس پارٹی کے منتخب ہوئے تھے وہ روایت اس بار بھی برقرار رہے گی ۔ عبدالستار نے دعویٰ کیا کہ دیگر پارٹیوں کے کئی لیڈر کانگریس پارٹی میں آنے کے خواہشمند ہے ۔




