ناندیڑ: ایس ڈی پی آئی کے کارکن عتیق الرحمن کی جانب سے لیبرٹی فنکشن ہال میں میگا میڈیکل کیمپ، عوام نے حاصل کیا بھرپور فائدہ

ناندیڑ، 11 جون: سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے فعال کارکن عتیق الرحمن کی جانب سے ناندیڑ کے لیبرٹی فنکشن ہال میں ایک میگا میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس سے درجنوں افراد نے طبی سہولیات کا فائدہ اٹھایا۔
اس کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں کی موجودگی میں مختلف امراض کی تشخیص کی گئی اور ضروری ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں۔ عام شہریوں نے اس اقدام کی بھرپور ستائش کی، خاص طور پر ان لوگوں نے جو معاشی مجبوریوں کے باعث بہتر طبی علاج سے محروم رہتے ہیں۔
کیمپ کے دوران عتیق الرحمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا:
"ہماری کوشش ہے کہ سماج کے ہر فرد کو بنیادی صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں۔ آنے والے دنوں میں بھی اسی طرح کے مزید میڈیکل کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔”
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مستقبل میں سرکاری اسکیموں کے تحت بھی بڑے علاج مہیا کرائے جائیں گے تاکہ غریب اور پسماندہ طبقے کو بہتر طبی سہولت میسر ہو۔
کیمپ کے کامیاب انعقاد پر مقامی افراد، سماجی کارکنان اور بزرگوں نے ایس ڈی پی آئی اور عتیق الرحمن کا شکریہ ادا کیا۔ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف صحت کا شعور بڑھے گا بلکہ عوام میں سماجی ہم آہنگی بھی فروغ پائے گی۔