ناندیڑ: قدیم گنج تا ناؤگھاٹ برج سڑک کو سی سی بنانے ۭکا مطالبہ ناندیڑ SDPI کے وفد کی میونسپل کمشنر سے نمائندگی

ناندیڑ: 13؍دسمبر (راست)قدیم گنج تا ناؤگھاٹ برج سڑک کو سی سی روڈ میں تبدیل کرنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ اس سلسلے میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) ناندیڑ کے ضلع صدر احمر ندیم کی قیادت میں ایک وفدنے ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو ایک تحریری محضرپیش کیا ہے۔ جس میں انہوں نے اس اہم سڑک کی موجودہ خستہ حالی کی جانب توجہ دلائی ہے اور کہا ہے کہ قدیم گنج، ڈاکٹر ساؤریکر سے ناؤگھاٹ برج تک کا راستہ شہر کے مصروف ترین اور مرکزی راستوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں دن رات بھاری ٹریفک کی آمد و رفت

رہتی ہے۔محضرمیں بتایا گیا ہے کہ فی الحال یہ سڑک ڈامبری ہے، جو ہر سال بارش کے موسم میں بری طرح متاثر ہو جاتی ہے۔ معمولی بارش کے بعد بھی جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ جاتے ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ خاص طور پر طلبہ، خواتین، بزرگ شہریوں اور گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کئی مرتبہ گاڑیوں کے خراب ہونے اور حادثات کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔احمر ندیم نے مزید کہا ہے کہ ہر سال اس سڑک کی مرمت پر خطیر رقم خرچ کی جاتی ہے، اس کے
باوجود چند ہی مہینوں میں سڑک دوبارہ خراب ہو جاتی ہے، جس سے سرکاری خزانے پر بھی غیر ضروری بوجھ پڑتا ہے۔ اگر اس سڑک کو ڈامبری کے بجائے سی سی (سیمنٹ کنکریٹ) روڈ میں تبدیل کیا جائے تو یہ دیرپا، مضبوط اور پائیدار ثابت ہوگی، ساتھ ہی شہریوں کو بار بار کی پریشانی سے بھی نجات ملے گی۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن سے اپیل کی ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سڑک کے سی سی روڈ کے کام کو فوری منظوری دی جائے اور جلد از جلد کام شروع کیا جائے، تاکہ شہریوں کو محفوظ، سہل اور مستقل آمد و رفت کی سہولت فراہم ہو سکے۔
مقامی شہریوں نے بھی اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اس اہم مسئلے پر SDPI کے مطالبے کو سنجیدگی سے غور کرے گی اور جلد کوئی مثبت فیصلہ سامنے آئے گا۔اسی کے ساتھ وفد نے ڈرینج لائن کی کھدائی کے دوران نلوں کے پائپوں کو ہونے والے نقصان کی نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متاثرہ پائپوں کی مرمت اور درستی کا کام جلد از جلد کیا جائے، تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں رُکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




