ناندیڑ: مہا نگر پالیکا اسکول نمبر 12 حیدر باغ میں جلسۂ تہنیت، یومِ جمہوریہ پروگرام کے طلبہ میں انعامات تقسیم

ناندیڑ: ناندیڑ مہا نگر پالیکا کے زیرِ انتظام اسکول نمبر 12، حیدر باغ میں جلسۂ تہنیت اور استقبالیہ تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد نئے منتخب مہا نگر پالیکا کے معزز ممبران کا استقبال کرنا اور 26 جنوری یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقد کیے گئے مختلف تعلیمی، ثقافتی اور ہم نصابی پروگراموں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
یہ تقریب زیرِ صدارت الحاج مسعود احمد خان صاحب نو منتخب نگر سيوک کی صدارت میں منعقد ہوئی جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب حبیب باغوان صاحب جناب سید فصیح الدین صاحب انصار احمد خان صاحب اور رحیم احمد خان صاحب نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران مہمانانِ خصوصی کا اسکول انتظامیہ صدر مدرس جناب راجہ پٹیل عبدالمطلب اور طلبہ کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
تقریب کا آغاز خوشگوار اور پُرجوش ماحول میں کیا گیا، جس میں اسکول کے طلبہ نے مختلف پروگرام پیش کیے۔ یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقد کیے گئے تقریری مقابلے، ثقافتی سرگرمیوں اور دیگر تعلیمی پروگراموں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب کی صدارت جناب الحاج مسعود احمد خان صاحب نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے طلبہ کو محنت، لگن اور نظم و ضبط کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ اس طرح کی تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت سازی اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ جمہوریہ جیسے قومی دن طلبہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو مضبوط کرتے ہیں۔
مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں اور طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور اسکول کی ترقی کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اس جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے اسکول کے اساتذہ جناب معظم خان صاحب، نکہت پروین صاحبہ، سلطانہ بیگم صاحبہ ، تبسم فاطمہ صاحبہ اور شیلہ نے خصوصی محنت کی، جسے تمام حاضرین نے سراہا۔
تقریب میں اسکول کے اساتذہ، طلبہ، والدین اور دیگر معزز شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پروگرام نہایت منظم انداز میں منعقد کیا گیا اور خوشگوار ماحول میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔




