ناندیڑ میں بابری مسجد کی بازیابی کے لیے احتجاجی دھرنا


ناندیڑ، 6 دسمبر 2025 (ہفتہ): بابری مسجد کی بازیابی کے مطالبے کو اجاگر کرنے کے لیے مسلم نمائندہ کونسل ناندیڑ کی جانب سے آج ایک احتجاجی دھرنا منعقد کیا گیا، جو بحمداللہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
اس دھرنے میں شہر کے مختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی، خصوصاً نوجوان بڑی تعداد میں موجود رہے جنہوں نے جوش و جذبے کے ساتھ اتحاد و یکجہتی کا مضبوط اظہار کیا۔ نوجوانوں کی موجودگی نے اس احتجاج کو مؤثر اور نمایاں بنا دیا۔
احتجاج کے دوران مسلم نمائندہ کونسل کے ذمہ داران نے عدالت کے ایک فریق کے حق میں جانبدارانہ رویّے پر سوالات اٹھائے اور اس فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیا۔ کونسل نے واضح کیا کہ:

مسلمان تاریخی بابری مسجد کے اصلی مالکانہ حق سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتے اور نہ ہی اس مقدس مقام پر کسی دوسری تعمیر کو قبول کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “چاہے صدیاں بیت جائیں، بابری مسجد کی جگہ ہمیشہ اللہ کے گھر ہی کی رہے گی، اور یہ اصول مسلمانوں کے لیے ناقابلِ تبدیل ہے۔”
احتجاج پُرامن ماحول میں انجام پایا اور مقررین نے عدل و انصاف کے تقاضوں کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔




