زون نمبر 14 کربلا میں سیلاب سے متاثرہ عوام میں راشن کِٹس کی تقسیم

ناندیڑ، ۵ اکتوبر: حالیہ دنوں ناندیڑ میں ہونے والی موسلادھار بارش اور گوداوری ندی کو سیلاب آنے کے سبب شہر کے مختلف علاقوں، بالخصوص زون نمبر 14 میں رہنے والے درجنوں خاندان بری طرح متاثر ہوئے۔ گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کا گھریلو سامان، کپڑے، بستر اور کھانے پینے کی اشیاء کو بھاری نقصان پہنچا۔
ان متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے کانگریس پارٹی ناندیڑ کی جانب سے ایک خصوصی امدادی مہم منظم کی گئی، جس کے تحت زون نمبر 14 کے علاقوں میں راشن کِٹس تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر سابقہ نگر سیوک محمد لطیف لوکھنڈ والا اور کے آفس میں راشن تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ تقسیمِ راشن کی کارروائی سابقہ نائب میئر عبدالغفار، سابقہ نگران محمّد ناصر ،سید شیر علی، عبدالرحیم، عزیز قریشی، اور عبدالمختار کے ہاتھوں انجام پائی۔
پروگرام میں بڑی تعداد میں مقامی باشندے اور متاثرہ خاندان شریک ہوئے۔ راشن کِٹس میں آٹا، چاول، دال، چائے، تیل، شکر اور دیگر ضروری اشیاء شامل تھیں۔
اس موقع پر سابقہ نائب میئر عبدالغفار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "بارش اور سیلاب قدرتی آفات ہیں، مگر ایسے موقع پر ایک دوسرے کی مدد کرنا انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ایسے مواقع پر خدمتِ خلق کا سلسلہ جاری رہے گا۔
شہریوں نے کانگریس کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پارٹی نے حقیقی ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے۔ متاثرین نے راشن کِٹس وصول کرتے ہوئے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے بھی جلد از جلد امدادی رقم اور بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔




