ناندیڑ میں مجلس کا انتخابی جائزہ اجلاس، تمام بلدی انتخابات میں بھرپور شرکت کا اعلان

16 اکٹوبر 2025 (خصوصی نمائندہ ) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کی جانب سے مہا نگر پالیکا، ضلع پریشد، گرام پنچایت اور نگر پالیکا کے آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس آج طہٰ سلور پیلس ناندیڑ میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مجلس کے مہاراشٹر جنرل سکریٹری جناب ساجد بلڈر نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس اپنی پوری طاقت کے ساتھ تمام انتخابات میں حصہ لے گی، لہٰذا تمام کارکن اپنے تن من سے تیاری میں لگ جائیں۔
اس موقع پر جناب فیروز خان لالہ اور مرزا امجد بیگ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت کے ہر سپاہی کو منظم طریقے سے اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی تاکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مجلس کو مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔
آخر میں شعلہ بیان مقرر سید معین نے پرجوش انداز میں کارکنان سے کہا کہ ہمیں اپنے اپنے وارڈ سے انتخابی تیاری کا آغاز کرنا ہے، کیونکہ ہمارا مقصد انسانوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اجلاس کی نظامت معروف سماجی شخصیت جناب الطاف سر نے انجام دی۔ اجلاس میں بڑی تعداد میں مجلس کے ذمہ داران اور کارکنان موجود تھے۔




