ناندیڑ: 15 مئی سے بس اسٹینڈ پرانی جگہ پر بحال – مسافروں کو راحت

ناندیڑ (نمائندہ)، 14 مئی 2025 – ناندیڑ کے شہریوں کے لیے ایک خوشخبری ہے۔ ناندیڑ کا مرکزی بس اسٹینڈ جو کچھ عرصہ قبل عارضی طور پر کاوتھا کے کھلے میدان میں منتقل کیا گیا تھا، اب 15 مئی 2025 سے اپنی پرانی جگہ پر دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے۔ اس بات کی اطلاع ریاستی ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ، ناندیڑ کے ڈویژنل کنٹرولر کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 14 اپریل 2025 سے بس اسٹینڈ کو عارضی طور پر کاوتھا منتقل کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وہاں نہ پینے کے پانی کا انتظام تھا، نہ بیت الخلاء، اور نہ ہی مناسب سہولیات۔ خواتین کو ہراسانی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آٹو رکشہ ڈرائیوروں اور جیب کتروں کو بھی موقع ملا۔
اب جبکہ ریلوے اسٹیشن سے بس اسٹینڈ تک کے خستہ حال راستے کی مرمت مکمل ہو چکی ہے، تو بس اسٹینڈ کو دوبارہ اپنی پرانی جگہ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ سڑک کئی سالوں سے خراب حالت میں تھی، جسے آخرکار درست کر دیا گیا ہے۔
بس اسٹینڈ کی عارضی منتقلی کے دوران کچھ مسافروں کے روٹ (ٹَپے) بھی تبدیل ہو گئے تھے۔ اس سلسلے میں ڈویژنل کنٹرولر نے ہدایت دی ہے کہ تمام کنڈکٹر حضرات اپنی ETI مشینوں کو نئے روٹس کے مطابق اپڈیٹ کریں تاکہ کرایوں میں کسی بھی قسم کی کمی یا زیادتی سے مسافروں کو دقت نہ ہو۔
یہ فیصلہ ناندیڑ کے شہریوں اور مسافروں کے لیے ایک بڑی راحت لے کر آیا ہے، اور عوامی حلقوں میں اس کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔