جرائم

نظام آباد ضلع میں ٹمریز کے طالب علم شیخ موسی کی مشتبہ موت؛

اویسی کی مداخلت پر متاثرہ خاندان کو ملازمت اور معاوضہ کا تیقن

نظام آباد، 25 نومبر : تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے بانسواڑہ منڈل کے چندور میں واقع ٹمریز (03) میں دسویں جماعت کے طالب علم شیخ موسی کی مشتبہ موت کے واقعہ پر صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ریاستی چیرمین ٹمریز فہیم قریشی سے فون پر تفصیلی بات چیت کی۔

اویسی نے مرحوم کے خاندان کو مکمل انصاف دلانے، خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے اور حکومت کی جانب سے معقول معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا، جس سے چیرمین ٹمریز نے اتفاق کیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مجلس کے قائدین- ٹاؤن جنرل سکریٹری محمد شہباز، جوائنٹ سکریٹری و سینئر کارپوریٹر اعجاز حسین، سابق کارپوریٹر عبدالسلیم اور مجلس قائد خلیل احمد- فوری طور پر سرکاری ہاسپٹل کے مردہ خانے پہنچے اور ٹمریز انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج درج کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس معاملے سے بیرسٹر اسدالدین اویسی اور مجلس کے نظام آباد انچارج، ملک پیٹ کے سینئر رکن اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ کو آگاہ کیا۔

اویسی نے دوبارہ چیرمین ٹمریز سے رابطہ کرکے متاثرہ خاندان کے لیے روزگار، معاوضہ اور مکمل انصاف کے اقدامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ چیرمین نے آر ایل سی محمد عبدالبصیرکو ہدایت دی کہ وہ مرحوم کے خاندان کے لیے دفتری کارروائی فوری شروع کریں اور واقعہ کی مکمل انکوائری کروائیں۔

مجلس قائدین نے چیرمین ٹمریز کی توجہ اس بات کی طرف بھی دلائی کہ ضلع کے مختلف ٹمریز میں آئے دن ناخوشگوار واقعات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل آلور کے ٹمریز میں ایک طالب علم شارٹ سرکٹ کے باعث جھلس کر زخمی ہوا تھا، جبکہ ناگارام ٹمریز میں پرنسپل کی مارپیٹ سے ایک طالب علم شدید زخمی ہوا تھا۔ قائدین نے ان واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع کے تمام ٹمریز کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

آخر میں چیرمین فہیم قریشی نے مرحوم کے خاندان کے ذمہ دار مولانا معین الدین سے بات کرتے ہوئے سرکاری ملازمت اور معاوضہ فراہم کرنے کا مکمل تیقن دیا۔دوسری طرف مجلس قائدین نے پولیس کے تعاون سے شیخ موسی کا پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ نظام آباد میں مکمل کروایا اور بعد ازاں نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!