مراٹھوڑ ا
وقف ترمیمی قانون کے خلاف ناندیڑ میں 24 مئی کو ہونے والے اِجلاس عام کی تیاریاں آخری مراحل میں۔

ناندیڑ:21/مئی:-حکومت کی جانب سے کچھ دن قبل نافذ کیا گیا وقف ترمیمی قانون 2025 ملک کے آئینی، سماجی، دینی اور قانونی ڈھانچے کے منافی ہے۔ یہ قانون وقف کی خودمختاری، مسلمانوں کے مذہبی حقوق اور آئینِ ہند میں دی گئی اقلیتوں کی مذہبی آزادی پر براہِ راست حملہ ہے۔ وقف ایک ایسا دینی ادارہ ہے جو نہ صرف عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں، اور یتیم خانوں کا ذریعہ ہے بلکہ معاشرتی انصاف کا بھی ضامن ہے۔ آئینی اعتبار سے بھی وقف جائیدادیں اقلیتوں کی ملکیت تصور کی گئی ہیں، جن پر حکومت کی جانب سے کوئی غیر شرعی یا غیر آئینی مداخلت ناقابلِ قبول ہے۔
نئے ترمیمی قانون کے تحت وقف بورڈ کے اختیارات سلب کرکے اسے ایک حکومتی ادارے میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جو آئینی دفعات (آرٹیکل 25 تا 30) کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ قانون سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے متعدد فیصلوں سے بھی متصادم ہے، جن میں وقف کی خودمختاری کو تسلیم کیا گیا ہے۔
اس تناظر میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ملک گیر سطح پر اس کالے قانون کے ختم ہونے تک احتجاج کا علم بلند کیا ہے ہمارے شہر ناندیڑ میں بھی تحفّظِ اوقاف مسلم پرسنل لا بورڈ کمیٹی، ناندیڑ کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان ضلع سطحی احتجاجی جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے، جو بروز ہفتہ، 24 مئی 2025، بعد نمازِ مغرب، مدینۃ العلوم اسکول گراؤنڈ، دیگلور ناکہ پر منعقد ہوگا۔ تحفّظِ اوقاف مسلم پرسنل لا بورڈ کمیٹی، ناندیڑ نے تمام دینی، سماجی، تعلیمی تنظیموں، وکلاء، طلبہ، نوجوانانِ ملت اور عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پرامن احتجاج میں کثیر تعداد میں شرکت فرما کر اپنی دینی غیرت، سماجی شعور اور قانونی آگاہی کا عملی ثبوت پیش کریں۔
اس احتجاجی جلسہ عام میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے مرکزی قائدین رہنمائی کرینگے جیسے، حضرت مولانا عمرین محفوظ رحمانی صاحب (سیکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) ، جناب قاسم رسول الیاس صاحب( ترجمان آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ), محترم معیز الدین فاروقی صاحب( رُکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ), جناب الیاس خان فلاحی صاحب( رُکن بورڈ، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر)، جناب رفیع الدین اشرفی صاحب( رُکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ), جناب ضیاء الدین صدیقی صاحب ( امیر وحدتِ اسلامی ہند, صدر کل جماعتی وفاق مہاراشٹر), جناب محمد شفیع صاحب ( نائب صدر اس – ڈی – پی – آئی) و دیگر شرکت کرینگے۔ اس اِجلاس عام میں ناندیڑ و اطراف کی عوام سے گزارش ہے کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت کریں اِس طرح کی اپیل تحفّظِ اوقاف مسلم پرسنل لا بورڈ کمیٹی، ناندیڑ کی جانب سے کی گئی ہے۔