ونی میں دردناک حادثہ، کار سیکھنے کے دوران ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق، ایک بچی شدید زخمی

ایوت محل ،۱؍نومبر(ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ)ایوت محل ضلع کے ونی تعلقہ میں جمعہ 31 اکتوبر کی صبح پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے نے پورے شہر کو غم و اندوہ میں ڈوبو دیا۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ونی۔گھُگھّوس شاہراہ پر جنّت سیلیبریشن ہال کے قریب صبح تقریباً ساڑھے دس بجے پیش آیا، جب ایک کار اچانک بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے جا بھِڑی۔ اس بھیانک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ ایک کمسن بچی شدید زخمی ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ونی شہر کے بھیم نگر علاقے میں بدھ وہار کے قریب رہائش پذیر ریاض الدین شیخ (52) پیشے سے مکینک تھے اور لال پُلیا علاقے میں ٹرک مکینک کے طور پر مشہور تھے۔ ان کا ایک گیراج بھی چکھل گاؤں پنچایت حدود میں واقع تھا۔ جمعہ کے دن ان کا گیراج بند رہتا تھا، اس لیے وہ اپنی بڑی بیٹی مائرہ (17) کو کار چلانا سکھانے کے لیے نکلے۔
ان کے ساتھ ان کی دو کمسن بیٹیاں زویا (13) اور انیبا (11) نیز ان کے بھائی کی پانچ سالہ بیٹی انایا شاکر شیخ بھی موجود تھیں۔ریاض اپنی بڑی بیٹی مائرہ کو کار چلانا سکھا رہے تھے۔ مائرہ ڈرائیونگ سیٹ پر تھی، جبکہ والد اس کے برابر والی سیٹ پر بیٹھے تھے۔ جیسے ہی وہ جنّت سیلیبریشن ہال کے قریب پہنچے، مائرہ سے گاڑی کا توازن بگڑ گیا۔ تیز رفتاری کے باعث کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر اچھل گئی اور شاہراہ کی مخالف سمت میں جا گری۔ اسی دوران سامنے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک (ایم ایچ ۰۱ ،اے ایچ ۵۷۰۰) نے کار کو زوردار ٹکر ماری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹرک نے کار کو تقریباً بیس فٹ تک گھسیٹ لیا، نتیجتاً گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
حادثے کے نتیجے میں مائرہ، زویا اور انیبا کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ریاض شیخ زخمی حالت میں ونی کے دیہی اسپتال پہنچائے گئے، مگر اپنی بیٹیوں کی لاشیں دیکھ کر انہیں شدید قلبی دورہ پڑا اور وہ بھی دم توڑ گئے۔ یوں کار سیکھنے کی خواہش نے پورے خاندان کی زندگی اجاڑ دی۔ حادثے میں ریاض کے بھائی کی بیٹی انایا شدید زخمی ہوئی ہے، جسے پہلے چندرپور اور بعد میں بہتر علاج کے لیے ناگپور منتقل کیا گیا۔حادثے کے بعد مقامی لوگ اور پولیس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے۔ پولیس نے جائے واردات کا معائنہ کرکے لاشوں کو ونی کے سرکاری اسپتال روانہ کیا۔ ٹرک ڈرائیور ٹکر کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔پولیس انسپکٹر گوپال امبرکر کی نگرانی میں تحقیقات جاری ہیں۔ اس المناک حادثے سے ونی اور اطراف کے علاقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’کار سیکھنے کے شوق نے پورے خاندان کو نگل لیا‘‘۔




