ٹورآپریٹرز کی جدوجہد کامیاب، ۱۰؍ہزار کا کوٹہ ملا، عازمینِ حج کی روانگی شروع
مزید کوٹے کی کوشش جاری، لیکن امکانات کم، حج ۲۰۲۶ء کیلئے تیاریوں کی تلقین

نئی دہلی، ۲۸ اپریل: نمائندہ خصوصی – پرائیویٹ ٹور آپریٹرز (PTOs) کی مسلسل کوششوں اور نمائندگیوں کے بعد بالآخر ۱۰؍ہزار عازمین حج کا کوٹہ (۲۰؍فیصد) مختص کیا گیا ہے، جس کے تحت ویزے جاری ہونے کے ساتھ ساتھ عازمین کی روانگی بھی شروع ہو چکی ہے۔ تاہم ابھی بھی تقریباً ۴۲؍ہزار ۵۰۷؍ سیٹوں کا مسئلہ برقرار ہے، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ مزید کوٹہ ملنے کی امیدیں کمزور ہیں۔
کوٹے کی تقسیم اور موجودہ صورتحال:
متعدد ٹور آپریٹرز کے مطابق، اس مرتبہ دیے گئے محدود کوٹے کے سبب ۳۴۰؍ سے ۴۰۰؍ عازمین پر مشتمل گروپس ہی بنائے جا رہے ہیں، جبکہ کچھ PTOs کو محض ۳، ۵ یا ۷ سیٹیں ہی ملی ہیں۔ وہ PTOs جنہیں پہلے ۵۰ یا ۱۰۰ سیٹیں ملا کرتی تھیں، انہیں اب صرف ۱۰ تا ۱۵ سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس صورتحال میں اگر مزید کوٹہ نہیں ملا تو کئی عازمین کو حج ۲۰۲۵ کے بجائے ۲۰۲۶ء کا انتظار کرنا ہوگا۔
حکومت کی یقین دہانی:
وزارت برائے اقلیتی امور نے ۲۲؍ اپریل کو جاری کردہ خط میں واضح کیا کہ جن ٹورآپریٹرز نے اس سال رجسٹریشن کرایا ہے، انہیں آئندہ سال ترجیحی بنیادوں پر کوٹہ دیا جائے گا، اور موجودہ سال کی دستاویزات آئندہ سال کے لیے بھی قابلِ قبول ہوں گی۔ مزید یہ کہ جو افراد چاہیں، وہ قونصل جنرل کے ذریعے اپنی جمع رقم کی واپسی حاصل کر سکتے ہیں، یا اسے اگلے سال کے لیے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
عازمین کو تفہیم:
ٹورآپریٹرز نے ان تمام امور کی روشنی میں اپنے اُن عازمین کو سمجھانے کا عمل شروع کر دیا ہے جنہوں نے رقم جمع کرائی تھی لیکن اس سال حج پر نہیں جا سکیں گے۔ وہ عازمین اب ۲۰۲۶ء کے حج کی تیاری پر غور کر رہے ہیں۔
سعودی حکومت کی یقین دہانی:
سعودی حکومت کی طرف سے بھی یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ حج ۲۰۲۶ء کی منصوبہ بندی، حج ۲۰۲۵ء کے فوراً بعد ہی شروع کی جائے گی تاکہ آئندہ اس قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔
ٹور آپریٹرز کا کہنا ہے کہ ’’عازمین کے تعاون اور صبر سے یہ مشکل وقت گزر جائے گا، اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ سال حالات بہتر ہوں گے۔‘‘