پاچورا میں "ہندوستانی سماج کی تعمیر و ترقی میں صوفیاء کرام کا کردار” روحانیت و اخوت کا پیغام عام کرنے والی بزم کا کامیاب انعقاد

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
روحانیت کی خوشبو اور اخوت کی مہک سے معطر ماحول میں پاچورا کی مرکزی نور مسجد میں "ہندوستانی سماج کی تعمیر و ترقی میں صوفیاء کرام کا کردار” کے عنوان سے ایک پراثر بزم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ محفل، نہ صرف صوفی تعلیمات کی یادگار تھی بلکہ اتحادِ ملت اور انسانیت کی بقا کا پیام بھی لیے ہوئے تھی۔ آغاز کلامِ الٰہی کی تلاوت سے ہوا، جس نے قلوب کو سکون اور فضا کو روحانیت سے بھر دیا۔ شیخ جاوید رحیم نے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات ہی وہ بنیاد ہیں جن پر انسانیت کا عمارتِ محبت قائم ہے۔ بزم کی صدارت تعلقہ کی رکن اسمبلی کشور آپا پاٹل نے کی۔ مہمانانِ خصوصی میں تحصیلدار وجے بنسوڈے، پولیس انسپکٹر راہول پوار، مولانا ذیشان رضا، مولانا نعیم رضا اور سابق صدر بلدیہ سنجے گوئل شامل تھے۔
مولانا ذیشان رضا نے اپنی فکرانگیز تقریر میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ اور خواجہ معین الدین چشتیؒ کی حیاتِ طیبہ پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ صوفیاء کرام نے دین کو انسانیت کے پیرائے میں پیش کیا۔ انہوں نے غریبوں، یتیموں، بے سہاروں کا سہارا بن کر وہ مثال قائم کی جس کی نظیر آج بھی نہیں ملتی۔ انہوں نے علامہ فضلِ حق خیرآبادیؒ کے فتوے اور آزادی کی تحریک میں علماء و مشائخ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے سامعین کے دلوں میں قومی یکجہتی کی شمع روشن کی۔مولانا نعیم رضا نے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلنے والی مذہبی منافرت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ آج کے دور میں صوفیاء کرام کے آفاقی پیغام کو عام کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے امن، محبت اور بھائی چارہ قائم رکھنے کے لیے ملک کے تمام شہریوں سے صوفی تعلیمات پر عمل کی اپیل کی۔وجے ٹھاکر نے کہا کہ صوفی سنتوں نے مذہب و ذات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی، اسی لیے ان کے آستانے آج بھی سبھی مذاہب کے ماننے والوں کے لیے مرکزِ عقیدت ہیں۔ گیارہویں، چھٹی شریف اور عرس کے مواقع پر ان کی یاد کا تجدیدِ عہد، دراصل ان کی تعلیمات کی تائید ہے۔
کشور آپا پاٹل نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ اس طرح کے پروگرام سماجی رشتوں کو مضبوط بنانے اور ایک دوسرے کے رسم و رواج کو سمجھنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہر ماہ ایسے بزم کے انعقاد کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ “صوفیاء کرام کا پیغام امن، بھائی چارہ اور محبت ہی ہمارے معاشرے کی اصل بنیاد ہے۔”نظامت اور رسمِ شکریہ شیخ جاوید رحیم نے نہایت خلوص کے ساتھ انجام دی۔
نور مسجد پنچ کمیٹی کے صدر محمود خان، سکریٹری عبدالوہاب باغبان، نائب صدر جہانگیر پِنجاری اور اراکین ذاکر کھاٹک، سلام ابراہیم، فیروز خان، افضل منیار، شریف رنگریز، عثمان کھاٹک، زکی کھاٹک، سلیم منیار، رحمان تڑوی، مولانا پرویز رضا، مولانا اکرام رضا اور مولانا طاہر رضا کی محنتوں سے یہ بزم کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ آخر میں اجتماعی دعا میں ملک کے امن، بھائی چارے اور ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔اور جب محفل اپنے روحانی اختتام کو پہنچی تو فضا میں عشق و عقیدت کی یہ صدا گونجی ۔۔۔




