"پدم شری ایڈوکیٹ اجول نکم کے اعزاز میں جلگاؤں کی دھرتی نے بچھایا محبتوں کا فرش”
نو منتخب رکنِ راجیہ سبھا کا والہانہ عوامی استقبال، سماجی و سیاسی رہنماؤں کی بھرپور شرکت

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
قانونی بصیرت اور قومی خدمات کے اعتراف میں صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو کے ہاتھوں راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہونے والے پدم شری ایڈوکیٹ اجول نکم کا آبائی شہر جلگاؤں میں پرتپاک و پروقار عوامی استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر شہر و ضلع کی قدآور علمی، سماجی و سیاسی شخصیات نے موصوف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور اعزاز سے نوازا۔ جلگاؤں میونسپل کارپوریشن کے اولین ڈپٹی میئر، بزرگ سیاستدان اور ماہر تعلیم الحاج عبدالکریم سالار نے اپنے رفقاء کار کے ہمراہ ایڈوکیٹ نکم کی گلپوشی و شال پوشی کی۔
اس اعزازی تقریب میں این سی پی کے متحرک نوجوان رہنما اعجاز عبدالغفار ملک، معروف صنعت کار یوسف مکرا، جمیل شیخ، کالو شیخ، عرفان سالار، آصف شاہ باپو و دیگر معززین بھی شریک رہے جنہوں نے جلگاؤں کی سرزمین پر اجول نکم کے اس قومی مقام پر فائز ہونے کو شہر کے لیے فخر کا مقام قرار دیا۔
تقریب کا ماحول والہانہ جذبات اور عقیدت بھری فضاؤں سے معمور رہا جہاں ہر آنکھ خوشی و محبت کی چمک لیے ایڈوکیٹ نکم کی خدمات کا اعتراف کر رہی تھی