پولیس اہلکار اکبرپٹھان کی بہادری، سیلاب میں پھنسے 20افراد کو بچایا

ناندیڑ (نامہ نگار): گوداوری ندی میں آئی طغیانی اور ہفتہ کی صبح ہونے والی شدید بارش کے سبب ناندیڑ شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، شہر کے کئی نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ سمیرا باغ علاقہ کےکئی مکانات پانی میں ڈوب گئے تھے اور شہری خوف و ہراس میں مبتلا تھے، انتظامیہ کو ہر مقام تک پہنچنے میں وقت لگ رہا تھا،ایسے حالات میں اکبرپٹھان بغیر کسی حفاظتی سازوسامان کے اپنے ساتھیوں (والگا ٹیلر کے فرزند طاہر عرف فہد خان اور گوداوری جیو رکھشک دل کے سید اشفاق سید نور)کے ساتھ گہرے پانی میں اتر کر شجاعت کا مظاہرہ کیا اور تقریباً 20 شہریوں کی قیمتی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے۔
اکبر پٹھان نے اپنی فرض شناسی اور جرات کے ساتھ مقامی نوجوانوں کو ساتھ لے کر جو بروقت اقدام کیا، اس کی بدولت ایک بڑے حادثے کو ٹالاجا سکا۔ایسے کڑے وقت میں پولیس اہلکار اکبر پٹھان نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر نجات دلانے والاکردارکیا۔اکبر پٹھان کی اس بہادری کو دیکھتے ہوئے مقامی عوام نے انہیں’’اصل ہیرو‘‘قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب ہر طرف خوف اور افرا تفری کا ماحول تھا، اس وقت اکبر پٹھان نے جو جرات، حوصلہ اور انسانی ہمدردی دکھائی، وہ سب کے لیے امید کی کرن بنے۔اکبر پٹھان کے کارنامے سے متاثر ہو کر مقامی عوام کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ انہیں ان کی شجاعت کے اعتراف میں صدرِ جمہوریہ کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا جائے۔




