ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کو ’’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘‘
تعلیم، سماج اور این سی سی کے شعبے میں نصف صدی پر محیط خدمات کا شاندار اعتراف

کھام گاؤں،۲۰؍نومبر(ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ) بلڈانہ ضلع کے علمی و سماجی حلقوں میں اس وقت خوشی، فخر اور تحسین کی فضا قائم ہے، کیونکہ معروف سماجی و تعلیمی رہنما ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے (صدر ودربھ شکشن پرسارک منڈل، کھام گاؤں، صدر جی ایس سائنس،آرٹس اینڈ کامرس کالج، کھام گاؤں)،کو ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ’’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا ہے۔ یہ اہم اعزاز نہ صرف ان کی پچاس سالہ تعلیمی و سماجی محنت کا سرکاری سطح پر اعتراف ہے، بلکہ کھام گاؤں سمیت پورے ضلع کے لیے باعثِ فخر لمحہ بھی ہے۔ ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کی علم دوستی، انتظامی صلاحیت، ادارہ جاتی ترقی میں ان کی شفاف پالیسی، نوجوان نسل کی رہنمائی اور این سی سی کے

نظم و ضبط والے کلچر کو فروغ دینے میں ان کی غیر معمولی خدمات کو جس احترام کے ساتھ سراہا گیا، وہ خود اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک منتظم اعلیٰ اور رہنما کس طرح اپنے خطے کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ اس باوقار ایوارڈ کی تقریب کھام گاؤں میں بڑے وقار اور جوش کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ 13 مہاراشٹر بٹالین این سی سی کھام گاؤں کے کمانڈنگ آفیسر کرنل اومیش شکلا نے ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کو تالیوں کی گونج میں یہ ایوارڈ پیش کیا۔ اس لمحے کی گہری جذباتیت اس ایک تصویر میں بھی جھلک رہی تھی، جس میں کمانڈنگ آفیسر کرنل اومیش شکلا احترام کے ساتھ ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کو اعزاز دیتے دکھائی دیے۔ شہر بھر میں یہ منظر ایک اعزاز اور تاریخی لمحے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کی شخصیت ایک ایسے تعلیمی سفر سے عبارت ہے جو ہزاروں طلبہ کے مستقبل کو سنوارنے کا باعث بنا۔ بطور منتظم اعلیٰ انہوں نے اپنی زندگی نوجوانوں کی رہنمائی، تربیت اور کردار سازی کے لیے وقف کردی۔ ان کی انتظامی دیانت، محنت، اصول پسندی اور انسان دوستی نے انہیں ایک ایسیمنتظم اعلیٰ کے طور پر ممتاز کیا جس کی مثال آج بھی دی جاتی ہے۔ تعلیمی اداروں کی ترقی میں ان کا کردار نہایت اہم رہا۔ انہوں نے ہمیشہ معیارِ تعلیم کو بلند کرنے، اساتذہ کی تربیت کو مؤثر بنانے اور طلبہ کے لیے مثبت، مضبوط اور منظم ماحول فراہم کرنے پر توجہ دی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے دورِ صدارت میں اداروں نے کئی اہم سنگِ میل سر کیے۔پیشہ ورانہ زندگی میں بھی وہ ایک اعلیٰ منتظم ثابت ہوئے۔
آر سی ایف گجرات میں چیف مارکیٹنگ مینیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے انہوں نے ایمانداری، شفافیت اور محنت کو اپنا معیار بنایا۔ 2001 میں سبکدوش ہونے کے بعد ودربھ شکشن پرسارک منڈل کھام گاؤں، نے ان پر بھروسہ کرتے ہوئے انہیں سیکریٹری کی ذمہ داری سونپی۔ ان کے وژن اور مضبوط انتظامی قابلیت نے ادارے میں نئی روح پھونک دی۔ 11 فروری 2019 کو وہ منڈل کے صدر منتخب ہوئے، جس کے بعد ادارے کی ترقی، جدید کاری اور نظم و نسق کے کئی نئے دروازے کھلے۔ جی ایس سائنس،آرٹس اینڈ کامرس کالج، کھام گاؤں کی عمارتوں کی تزئین و آرائش، نئے بنیادی ڈھانچے کا قیام، جدید سوئمنگ پول، انڈور اسٹیڈیم، کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کی نئی وسعت اور تعلیمی فضا کی مضبوطی ان کے دورِ صدارت کا روشن باب ہیں۔ کالج کو ملنے والا NAAC کا ’’A‘‘ گریڈ ان کی دانشمندانہ اور اصولی رہنمائی کا ٹھوس ثبوت ہے۔

ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کی خدمات کا ایک اور درخشاں پہلو این سی سی سے ان کی گہری وابستگی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں میں نظم و ضبط، قیادت، حب الوطنی، جسمانی تربیت اور سماجی خدمت کا رجحان بیدار کرنے کے لیے ہمیشہ این سی سی کو ترجیح دی۔ ان کی سرپرستی میں این سی سی کے کیڈٹس نے ضلع، ریاست اور قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ کرنل اومیش شکلا نے تقریب میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کی اصول پسندی، شفاف سوچ اور مثبت حوصلہ افزائی نے کئی نوجوانوں کی زندگیوں کو نئی سمت دی ہے۔ این سی سی کی کئی ٹکڑیوں نے ان کی رہنمائی میں بہترین کارکردگی دکھائی، جس کا اعتراف خود این سی سی حکام بھی کرتے رہے ہیں۔قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ عمر کے 77 برس کے باوجود ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کی توانائی آج بھی نوجوانوں کے لیے مثال ہے۔ وہ روزانہ صبح سویرے ٹینس کورٹ میں ٹینس کھیلنے کے لیے آتے ہیں۔
اور ان کا مؤثر طرزِ زندگی نظم و ضبط اور صحت مندی کا عملی درس ہے۔ کھام گاؤں کے طلبہ، اساتذہ اور شہری انہیں ایک باوقار، سنجیدہ، اصول پسند اور وژنری رہنما کے طور پر دیکھتے ہیں۔ایوارڈ کے اعلان کے بعد کھام گاؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ودربھ شکشن پرساک منڈل کھام گاؤں کے نائب صدر پرکاش جی تامبٹ، سیکریٹری ڈاکٹر پرشانت جی بوبڑے، خزانچی اجنکیہ دادا بوبڑے، نسرگ گروپ کھام گاؤں کی صدر نیتا تائی بوبڑے، شردھا تائی بوبڑے سمیت تمام ارکانِ منڈل نے ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کو مبارکباد پیش کی۔ کھام گاؤں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ڈی ایس تلوانکر، پروفیسرز، غیر تدریسی عملے اور طلبہ نے بھی ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پرنسپل تلوانکر نے کہا کہ ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کا وژن اور رہنمائی ہمیشہ ادارے کے لیے روشنی کا مینار رہی ہے اور آنے والے برسوں میں بھی ان کی فکر ایک مضبوط بنیاد بنی رہے گی۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے نے نہایت سادگی اور وقار کے ساتھ اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے سب سے بڑا ایوارڈ ہمیشہ طلبہ کی کامیابیاں اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں رہی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے، خلوص اور عزم کے ساتھ سماج اور نوجوان نسل کی رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
یہ ایوارڈ ڈاکٹر سبھاش شنکرراؤ بوبڑے کی نصف صدی پر محیط مسلسل محنت، سماجی خدمت، تعلیمی اصلاحات، این سی سی کی تربیتی روایت اور اصول پسندی کا بھرپور اعتراف ہے۔ ان کی زندگی اس بات کی جیتی جاگتی مثال ہے کہ سچی نیت، محنت، دیانت اور خدمت انسان کو کس طرح عزت، مقام اور وقار کی بلندیوں تک پہنچاتی ہے۔ ان کی یہ روشن کہانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔




