ایجوکشن

ڈاکٹر وسیم عقیل شاہ کو خراجِ تحسین و مبارکباد

اردو نصابی کمیٹی میں خاندیش کی نمائندگی ایک قابلِ فخر لمحہ۔

جلگاؤں (نامہ نگار) پونہ کے علمی و تدریسی حلقوں سے ایک خوش آئند خبر موصول ہوئی ہے کہ مہاراشٹر کے معروف ادیب، نثر نگار، اور بی ایم سی کے فعال مدرس ڈاکٹر وسیم عقیل شاہ کو مہاراشٹر راجیہ پاٹھیہ پستک نرمتی و سنشودھن منڈل، پونہ (بال بھارتی اردو) کی نصابی کمیٹی میں بحیثیت رکن منتخب کیا گیا ہے۔ یہ انتخاب نہ صرف ڈاکٹر وسیم کی علمی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ اردو زبان و ادب کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم بھی ہے۔رواں تعلیمی سال کے لیے جماعتِ اول کی اردو درسی کتاب میں شامل فہرستِ ناموں میں جب ڈاکٹر وسیم عقیل شاہ کا نامِ نامی اسمِ گرامی منظرِ عام پر آیا، تو اہلِ علم و ادب کے دلوں کو مسرت و فخر کی لہر نے چھو لیا۔

یہ صرف ایک انفرادی کامیابی نہیں بلکہ پورے علاقہ خاندیش اور بالخصوص اردو برادری کے لیے باعثِ سعادت اور اعزاز ہے۔اس پُر مسرت موقع پر خاندیش اردو کونسل، جلگاؤں کے صدر عقیل خان بیاولی سیکرٹری جناب سعید پٹیل،اور جملہ اراکینِ کونسل ڈاکٹر وسیم عقیل شاہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ساتھ ہی دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت انہیں صحت، توفیق اور استقامت عطا فرمائے تاکہ وہ اردو زبان کی آبیاری اور نصابی تشکیل میں اسی خلوص و لگن سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔یہ کامیابی اُن تمام اہلِ اردو کے لیے ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتی ہے جو تعلیم، زبان، اور تہذیب کی بقاء کے لیے کوشاں ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹر وسیم عقیل شاہ کی علمی بصیرت اور فکری رہنمائی اردو نصاب میں نئی روح پھونکے گی۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!