کارگل وجے دیوس پر شجرکاری: ڈاکٹر شاہین قاضی اردو پرائمری اسکول کا روح پرور اقدام
معصوم ہاتھوں سے وطن کی مٹی کو سر سبز بنانے کا عہد۔

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام ڈاکٹر شاہین قاضی اردو پرائمری اسکول مہرون میں کارگل وجے دیوس کی مناسبت سے ایک روحانی و قومی جذبے سے لبریز شجرکاری مہم کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر جماعت چہارم کے ننھے طلباء و طالبات نے اپنے پاکیزہ ہاتھوں سے درخت لگا کر نہ صرف کارگل کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا بلکہ ماحولیات کے تحفظ کا عظیم پیغام بھی دیا۔اس تقریب کی قیادت اسکول کے صدر مدرس قاضی اختر الدین نے کی، جب کہ معلمات اختر شمیم سلطانہ شاہ، معاون معلم محمد ایوب، سید خورشید علی اور ہمایوں کھاٹک کی موجودگی نے ماحول کو اور بھی پرجوش و باوقار بنا دیا۔ شجرکاری کے اس نیک عمل کو "کارگل کے ہیروز کے نام” منسوب کر کے طلباء و اساتذہ نے یہ عہد کیا کہ وہ وطن کی سرزمین کو سرسبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ شہداء کے جذبہ قربانی کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔یہ انوکھا اقدام اسکول کی تعلیمی و اخلاقی تربیت کا مظہر ہے جو نسل نو کو علم کے ساتھ ساتھ اپنے فرض شناسی اور قومی شعور سے بھی روشناس کرا رہا ہے۔