کانگریس پارٹی وفد کی ضلع کلکٹر و بلدیہ کمشنر سے نمائندگی

ناندیڑ۔ 26؍ ستمبر ( نامہ نگار ):ناندیڑ شہر میں پچھلے تین دن کے دوران بارش اور گوداوری ندی کا پانی شہر کے کئی علاقوں میں بھر گیا تھا ۔ ناندیڑ شہر کے کئی علاقوں کے مکانات پانی میں ڈوب گئے تھے۔ سیلاب آنے سے ناندیڑ کے سینکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ بڑے پیمانے پر لوگوں کا معاشی نقصان ہوا ہے۔
اس سلسلہ میں آج ناندیڑ شہر کانگریس کمیٹی کے ایک وفد نے کلکٹر آفس پہنچ کر کلکٹر کے نام کا مکتوب آر ڈی سی کرن امبیکر اور میونسپل کارپوریشن پہنچ کر کمشنر مہیش کمار ڈوئی فوڑے کو میمورنڈم پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ تین دن قبل بارش کے دوران اچانک سے وشنوپوری ڈیم کے 16؍ دروازے کھول دیئے گئے اور پانی گوداوری ندی میں چھوڑا گیا۔
ندی سے متصل علاقہ کے لوگوں کو اس کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ اچانک سے سیلابی صورت حال پیدا ہو جانے سے کافی لوگ سیلاب کے پانی میں پھنس گئے تھے جنہیں محفوظ نکالا گیا مگر اس کے دوران ایک لڑکے کی موت بھی ہوئی ہے۔ سیلاب کے سبب مکانات پانی میں ڈوب جانے سے کھانے پینے کی اشیاء سمیت گھر میں موجود سامان کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا کہ پچھلے تین دن کے دوران جن جن علاقوں میں سیلاب آیا تھا وہاں کے پنچ نامہ فوری کر کے متاثرہ افراد کو سرکاری امداد جلد سے جلد فراہم کی جائے۔
کانگریس پارٹی کے اس وفد میں شہر صدر عبدالستار، سابق ڈپٹی میئر آنند چوہان ، شفیع احمد قریشی، مسعود احمد خان، شمیم عبداللہ، عبدالغفار، سابق کارپوریٹر سید شیر علی، منتجب الدین، محمد ناصر ، عبدالطیف، منا عباس حسین ، سید شعیب حسین، بابو بھائی کھوکھے والے، عبدالعزیز قریشی، عبدالحبیب باوزیر، رمیش گوڑ بولے، مہیش دیشمکھ ، ایڈوکیٹ شہباز ، سریش ہٹکرو دیگر قائدین موجود تھے۔




