کانگریس پارٹی کے خواہشمند امیدواروں کے انٹر ویو

ناندیڑ ۔19؍ دسمبر ( نامہ نگار ):ناندیڑ واگھا لہ شہر میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات آئندہ15؍ جنوری کو ہونے جارہے ہیں۔ بلدیہ الیکشن کے سلسلہ میں تمام پارٹیوں کی جانب سے تیاریاں عروج پر ہے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے پچھلے دنوں پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی تھی۔ تقریباً دو سو زائد درخواست گذاروں نے کانگریس پارٹی کے پاس سے فارم حاصل کر کے داخل کئے تھے۔ آج19؍ دسمبر بروز جمعہ کو کانگریس پارٹی دفتر نیا مونڈھا ناندیڑ میں صبح ۱۱؍ بجے سے شام ۷؍ بجے تک خواہشمند امیدواروں کے انٹر ویو کی کاروائی عمل میں آئی ۔

کانگریس پارٹی کی جانب سے پارٹی کے ناندیڑ ضلع انچارج رکن پارلیمنٹ جالنہ ڈاکٹر کلیان کاڑے ، ناندیڑ کے رکن پارلیمنٹ رویندر چوہان، ناندیڑ ضلع صدر راجیش پائوڑے، ہنمنت پاٹل، او بی سی کے ریاستی صدر یشپال بھنگے، اقلیتی شعبہ کے ریاستی نائب صدر مسعود احمد خان، مقامی الیکشن کے ضلع کو آر ڈی نیٹر شیام درک ، مہیلا ضلع صدر ڈاکٹر ریکھا چوہان، شہر صدر ڈاکٹر کرونا جمداڑے، سابق ڈپٹی میئر عبدالغفار، بلاک صدر سنجے واگھمارے، پردیش کمیٹی کے جنرل سیکریٹری سریندر گھوڑجکر، ڈاکٹر دنیش نکھاتے، اقلیتی شعبہ کے ضلع صدر رحیم احمد خان، شہر
صدر عبدالعزیز قریشی، ایس سی شعبہ کے ضلع صدر سریش ہٹکر، یوتھ شہر صدر شنکر شندے، کارگذار صدر بالاجی چوہان، مہیش دیشمکھ و دیگر نے خواہشمند امیدواروں سے بات چیت کر کے انٹر ویو حاصل کئے۔ پربھاگ نمبر ایک سے لے کر پربھاگ نمبر20؍ تک کے لیے تقریباً 195؍ امیدواروں نے انٹر ویو دیئے۔ کانگریس کے شہر صدر عبدالستار کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے وہ آج انٹر ویو کاروائی میں حاضر نہیں تھے کیونکہ ان کا آپریشن ہوا ہے اور وہ اورنگ آباد کے خانگی اسپتال میں شریک ہے۔




