کرکٹ بیٹ کیلئے لڑکی کا قتل – کوکٹ پلی واردات میں انکشاف
دسویں جماعت کے طالبعلم نے سہسرا کو چاقو کے وار سے موت کے گھاٹ اتارا

حیدرآباد: سائبرآباد پولیس کمشنر اویناش موہنتی نے انکشاف کیا ہے کہ کوکٹ پلی میں پیش آئے سہسرا قتل کیس میں دسویں جماعت کا ایک طالبعلم ملوث ہے۔ ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ وہ سہسرا کے چھوٹے بھائی کا کرکٹ بیٹ چوری کرنے کے ارادے سے گیا تھا، مگر حالات کچھ ایسے بنے کہ اس نے لڑکی کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 18 اگست کو جب سہسرا کے والدین گھر پر نہیں تھے تو ملزم چپکے سے اندر داخل ہوا۔ اُس وقت سہسرا ٹی وی دیکھ رہی تھی جبکہ کرکٹ بیٹ کچن میں رکھا ہوا تھا۔ ملزم نے بیٹ اٹھانے کی کوشش کی لیکن آواز سن کر سہسرا چونک گئی اور ملزم کو دیکھ لیا۔ سہسرا نے چیخنا شروع کیا اور ملزم کی شرٹ پکڑ کر روکنے کی کوشش کی۔ اس پر گھبراہٹ میں ملزم نے سہسرا کو بیڈروم میں دھکیل دیا اور چاقو سے پے در پے وار کرکے قتل کر دیا۔
قتل کے بعد ملزم خاموشی سے گھر سے نکلا اور اپنے مکان پہنچ کر نہانے کے بہانے خون آلود کپڑے واشنگ مشین میں ڈال دیے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی ماں کو اسی دن شک ہوا، تاہم اُس نے لاعلمی ظاہر کی۔ بعد کے دنوں میں جب اس سے بار بار پوچھا گیا تو وہ غصے میں آ گیا اور اپنی ماں پر ہی الزام لگانے لگا کہ "آپ ہی مجھے شک کی نگاہ سے دیکھ رہی ہیں۔”
مزید انکشاف ہوا ہے کہ ملزم اسکول باقاعدگی سے نہیں جاتا تھا بلکہ گھر پر بیٹھ کر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر جرائم پر مبنی فلمیں دیکھنے کا عادی تھا۔ پولیس نے بتایا کہ تحقیقات مزید جاری ہیں۔




