
سونکھیڑ (نامہ نگار): ضلع ناندیڑ کے سونکھیڑ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع کیوِلا ذخیرہ تالاب میں جمعرات 18 ستمبر کی شام دو کمسن لڑکوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کا المناک واقعہ پیش آیا۔ اس حادثے نے پورے علاقے کو غم میں مبتلا کردیا ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں شیخ بابر شیخ جعفر (عمر 15 سال، ساکن بلیرامپور، ناندیڑ) اور محمد ریحان محمد یوسف (عمر 16 سال، ساکن عمر کالونی، دیگلور ناکہ، ناندیڑ) شامل ہیں۔ دونوں لڑکے تعلیم حاصل کر رہے تھے اور تفریحی طور پر فوٹو شوٹنگ کے مقصد سے تالاب کے قریب آئے تھے۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق کھیلتے کھیلتے ان کا پاؤں پھسلا اور وہ اچانک تالاب کے گہرے پانی میں جا گرے۔ واقعہ اس قدر اچانک ہوا کہ بچاؤ ممکن نہ ہو سکا۔ واقعہ کی خبر ملتے ہی مقامی شہریوں میں کھلبلی مچ گئی اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
ریسکیو ٹیم نے کچھ ہی دیر میں شیخ بابر کی لاش برآمد کرلی، جبکہ محمد ریحان کی لاش طویل تلاش کے بعد رات تقریباً گیارہ بجے ملی۔ دونوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال
اس حادثے کے بعد کیوِلا اور اطراف کے علاقوں میں غم و اندوہ کی فضا قائم ہوگئی۔ دو معصوم جانوں کے اچانک ضیاع پر اہل خانہ، رشتہ دار اور دوست احباب شدت غم سے نڈھال ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔




