کے کے اردو گرلز ہائی اسکول و جونیئر کالج میں سائبر کرائم بیداری پروگرام کا انعقاد

جَلگاؤں:(عقیل خان بیاولی)
کے کے اردو گرلز ہائی اسکول و جونیئر کالج، جلگاؤں میں ضلع پولیس کے تعاون سے سائبر کرائم آگاہی و بیداری پروگرام کا مؤثر اور معلوماتی انعقاد ’’طلبہ تحفظ و بنیادی سہولت ترقیاتی کمیٹی‘‘ کی جانب سے کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت تنویر جہاں شیخ (صدرِ مدرسہ) نے فرمائی۔ خصوصی مقرر پولیس حوالدار، سائبر پولیس اسٹیشن جلگاؤں سچین سونونے نے طالبات کو جدید دور کے تیزی سے بڑھتے ہوئے سائبر جرائم کے بارے میں
نہایت جامع روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موبائل فون اور سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں احتیاط نہایت ضروری ہے۔ ذاتی معلومات، تصاویر اور OTP جیسی تفصیلات کسی کے ساتھ بھی شیئر نہ کریں۔ ہیکرز کس طرح مختلف جھانسوں اور لِنکس کے ذریعے صارفین کو ٹھگتے ہیں، اس کی عملی مثالیں بھی پیش کیں۔ انہوں نے طالبات کے سوالات کے مدلل جوابات دیتے ہوئے انہیں آن لائن دنیا میں محفوظ رہنے کے عملی طریقے بتائے۔
اس موقع پر تنویرجہاں شیخ (صدرِ مدرسہ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدلتے زمانے کے ساتھ تعلیم کا نظام بھی تیزی سے آن لائن ہوتا جارہا ہے، ایسے میں سائبر سکیورٹی سے متعلق بیداری ہر طالب علم کے لیے ناگزیر ہوچکی ہے۔ انہوں نے طالبات کو محتاط، ذمہ دار اور باشعور ڈیجیٹل صارف بننے کی تاکید کی پروگرام کو کامیاب بنانے میں محترمہ سید رضوانہ عبدالقیوم شیخ اور تمام اسٹاف نے خصوصی محنت و لگن کا مظاہرہ کیا۔نظامت کے فرائض تبریز شیخ نے بہ حسن و خوبی انجام دیے، جب کہ شکریے کے کلمات عبدالقیوم شیخ نے پیش کۓ۔




