کھیل

ہندوستانی گیندباز محمد سمیع کو جان سے مارنے کی دھمکی، کرائم برانچ نے شروع کی تحقیقات

امروہہ/نئی دہلی: ہندوستان کے معروف تیز گیندباز محمد سمیع کو جان سے مارنے کی سنگین دھمکی ملی ہے۔ ایک نامعلوم شخص نے ای میل کے ذریعے ان سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے اور رقم نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ دھمکی ملنے کے بعد امروہہ پولیس اور کرائم برانچ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

محمد سمیع نے بتایا کہ انہیں پہلا ای میل 4 مئی کی شام کو موصول ہوا، جب کہ دوسرا ای میل 5 مئی کی صبح آیا۔ اس معاملے کی اطلاع سمیع نے خود پولیس کو دی۔ ان کے بھائی محمد حسیب نے اس سلسلے میں پولیس کو تحریری شکایت بھی دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، یہ ای میل کرناٹک کے پربھاکر نامی ایک شخص کی جانب سے بھیجا گیا ہے، جس میں رقم نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ہے۔ امروہہ پولیس کے ساتھ کرائم برانچ کی ٹیم بھی سرگرمی سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

سمیع آئی پی ایل میں سنرائزرس حیدرآباد کے لیے کھیل رہے ہیں

واضح رہے کہ محمد سمیع اس وقت انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں مصروف ہیں اور وہ سنرائزرس حیدرآباد ٹیم کا حصہ ہیں۔ تاہم، اس سیزن میں نہ صرف سمیع کی کارکردگی کچھ خاص رہی ہے، بلکہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی بھی مایوس کن رہی ہے۔ حیدرآباد نے اب تک 10 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 7 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سمیع کی سیکیورٹی کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور دھمکی دینے والے شخص کا سراغ لگانے کے لیے تکنیکی معاونت بھی حاصل کی جا رہی ہے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!