کھیل

14؍ سالہ محمد کیف کی شاندار ڈبل سنچری — راج سنگھ ڈونگرپور انڈر-14 ٹورنامنٹ میں یوپی کے نوجوان کھلاڑی کی غیر معمولی کارکردگی

دہرادون: کرکٹ کے میدان میں ایک اور نوجوان ستارے نے جنم لیا ہے۔ اترپردیش کے ۱۴؍ سالہ بلے باز محمد کیف نے راج سنگھ ڈونگرپور انڈر- کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ناقابلِ شکست ۲۵۰؍ رنز کی اننگز کھیل کر سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد انہیں ہندوستان کے مستقبل کے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔

محمد کیف نے یہ اننگز اتراکھن کے دہرادون میں ودربھ کے خلاف کھیلے گئے فائنل میچ میں انجام دی۔ انہوں نے ۲۸۰؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۱۹؍ چوکے اور ۱۲؍ شاندار چھکے لگائے، اور کریز پر ۳۷۷؍ منٹ تک ڈٹے رہے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ ۶۶ء۲۹ رہا، جو ان کی تحمل مزاجی اور مہارت کا مظہر ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ محمد کیف ایک مزدور کے بیٹے ہیں۔ ان کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے ہے جس میں والدین کے علاوہ ۲؍ بھائی اور ۴؍ بہنیں شامل ہیں۔ کیف سب سے چھوٹے ہیں اور بچپن سے ہی ان کا خواب تھا کہ وہ ایک بڑے کرکٹر بنیں۔ ۷؍ سال کی عمر میں انہوں نے بیٹ تھاما اور مسلسل محنت کرتے ہوئے آج اس مقام تک پہنچے ہیں۔

ان کے کوچ بہارالدین صدیقی اور محمد حسین کے مطابق، کیف ہمیشہ وقت پر پریکٹس کرتے ہیں اور کھیل کے تئیں ان کی لگن قابلِ تحسین ہے۔ حال ہی میں کانپور میں ہونے والے ٹرائلز میں شاندار مظاہرے کے بعد انہیں یوپی انڈر-۱۴ ٹیم میں منتخب کیا گیا، اور اب انہوں نے اپنی کارکردگی سے اپنے انتخاب کو صحیح ثابت کر دیا ہے۔

جہاں ایک طرف ویبھو سوریہ ونشی کی آئی پی ایل میں برق رفتار سنچری نے سب کو حیران کیا، وہیں اب محمد کیف کی ڈبل سنچری نے بھی کرکٹ حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ کرکٹ شائقین کی نظریں ان دونوں نوجوانوں پر جمی ہوئی ہیں، اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ دونوں بھارت کا روشن مستقبل بنیں گے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!