1500 سالہ جشنِ میلاد النبی ﷺ و ایصالِ ثواب مرحومہ شاہ نور بی ؛نعتیہ محفل میں روحانی نغمگی، طلبہ و طالبات کی دلنواز صدائیں

جلگاؤں ( عقیل خان بیاولی)
عشقِ رسول ﷺ کی خوشبو اور عقیدت کے ساز سے لبریز ایک روح پرور منظر اُس وقت دیکھنے کو ملا جب بہادر شاہ ظفر اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج بھوساول کے زیر اہتمام ١٥٠٠ سالہ جشن میلاد النبی ﷺ اور بیادِ مرحومہ شاہ نور بی رسول شیخ نعتیہ مقابلے کا انعقاد ہوا۔تقریب کی صدارت شیخ یوسف نے فرمائی جبکہ مہمانانِ خصوصی کے طور پر صحافی صلاح الدین ادیب، پرنسپل ندیم شیخ، نائب صدر مدرس اقبال خان اور اساتذہ کرام میں عائشہ، عارف خان، محمد رفیق، طاہر شیخ، ظفر شیخ شریک رہے۔اپنے صدارتی خطاب میں شیخ یوسف نے کہا:
“سیرتِ نبوی ﷺ ہی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے۔ اسلامی شعار اپنا کر ہی ہم دنیا و آخرت کی سرخروئی حاصل کرسکتے ہیں۔ مرحومہ شاہ نور بی رسول جیسے خوش نصیب والدین ہیں جن کی اولاد ان کے بعد بھی نیکی اور خیرات کے کام جاری رکھتی ہے۔ ان کے لئے یہ صدقۂ جاریہ ہے۔” اس نعتیہ مقابلے میں ١٥ شرکاء نے اپنی مترنم و مسرور آوازوں میں حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا جس سے محفل کا سماں نور و سرور سے معمور ہوگیا۔ طلبہ و طالبات کی دلنشین نعتوں نے حاضرین کو عقیدت کے سمندر میں غوطہ زن کر دیا۔ان میں طوبیٰ ارم امین الدین اول مقام جنت فاطمہ شیخ ساجد دوم مقام فاریہ شیخ ذاکر سوم مقام
مقابلے کے کنوینر شیخ اختر رسول نے تمام شرکاء اور اساتذہ کرام کا شکریہ ادا کیا اور انعام یافتگان کو اعزاز و اکرام سے نوازا۔ نظامت کے فرائض شکیل شیخ نے نہایت عقیدت و روحانیت کے ساتھ انجام دیے جس نے تقریب کو اور زیادہ پرنور بنا دیا۔ یہ نعتیہ محفل محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ مرحومہ شاہ نور بی کے ایصالِ ثواب کا ایک عظیم ذریعہ ہے جو ہر سال اختر رسول کی جانب سے منعقد کی جاتی ہے۔ اس محفل نے طلبہ و طالبات میں عشقِ رسول ﷺ کی شمع روشن کر دی اور روحانی کیف و سرور کی ایک نئی کیفیت پیدا کی۔




