ضلع پریشد کے سینئر ڈرائیور امجد خان ریٹائر؛ اہلیہ سمیت اعزاز سے نوازا گیا
امجد خان فرض شناسی کی مثال - چیف ایگزیکٹو آفیسر میگھنا کاولی


ناندیڑ، 2: چیف ایگزیکٹو آفیسر کی گاڑی چلانا نہایت ذمہ داری کا کام ہوتا ہے اور امجد خان نے یہ ذمہ داری بڑے ہی وقار، بردباری اور نظم و ضبط کے ساتھ نبھائی ہے۔ یہ اظہار ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر و منتظم محترمہ میگھنا کاولی نے کیا۔
یکم دسمبر، پیر کے روز، مرحوم یشونت راؤ چوہان ہال میں ضلع پریشد کی جانب سے سینئر ڈرائیور امجد وحید خان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقدہ اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں محترمہ کاولی نے صدارتی خطاب کیا۔ اس موقع پر اضافی چیف ایگزیکٹو آفیسر سندیپ ماۓلوڈے، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی سی ای او راج کمار مُکّاوار، گرام پنچایت کے ڈپٹی سی ای او ڈی بی گری، نریگا کے ڈپٹی سی ای او امیت راؤت، چیف اکاؤنٹس و فنانس آفیسر شیو پرساد چنّا، ضلع ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سنگیتا دیشمکھ، ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کے ڈپٹی سی ای او پرشانت تھورات، انجینئر راہول راو صاحب، اشوک بھوج راج، شندے اور ایجوکیشن آفیسر وندنا فٹانے سمیت دیگر معزز افسران موجود تھے۔
اپنے خطاب میں محترمہ کاولی نے کہا کہ امجد خان نے ہمیشہ خاموشی، اخلاق اور بغیر کسی شکایت کے وقت کی پابندی کے ساتھ کام کیا۔ جہاں بھی جانے کی ضرورت پڑی، وہ ہمیشہ تیار و حاضر رہے۔ ان کی نظم و ضبط، گفتگو کا سلیقہ اور خدمت کا جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے امجد خان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

تقریب میں امجد خان کو ریلیف آرڈر، پنشن آرڈر اور سروس سرٹیفکیٹ چیف ایگزیکٹو آفیسر میگھنا کاولی کے ہاتھوں پیش کیے گئے۔ اس کے بعد ضلع پریشد کی جانب سے انہیں شال، ساڑی–ڈریس اور پھول مالا پیش کرکے اہلیہ سمیت اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر اضافی سی ای او سندیپ ماۓلوڈے نے امجد خان کے ساتھ اپنی یادیں تازہ کیں۔ ڈرائیور ایسوسی ایشن کے گنیش آمبیکر، مانک باشینگے اور سنجے راؤت نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے۔ اس تقریب کا نظامت اور شکریہ عوامی تعلقات افسر ملند ویوہارے نے انجام دیا۔ ضلع پریشد کے مختلف محکموں کے سربراہان، افسران اور بڑی تعداد میں ملازمین نے تقریب میں شرکت کی۔
امجد خان نے 1983 میں ہیلپر کی حیثیت سے ملازمت شروع کی۔ 1988 میں انہیں چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ڈرائیور کے طور پر تقرر ملا۔ انہیں ساٹھ سے زائد چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ان کا پرسکون مزاج، وقت کی پابندی، نظم و ضبط، ذمہ داری کا احساس، باہمی رابطے اور تال میل کی صلاحیت اور فرض شناسی جیسے اوصاف نے انہیں ضلع پریشد میں ایک منفرد پہچان دلائی۔




