اسلامی

عید الفطر کے موقع پر امارت شرعیہ کرناٹک کا اہم پیغام صدقۂ فطر کی ادائیگی، اجتماعیت اور اخلاقی ذمہ داریوں پر زور

اسراف و غیر ضروری رسومات سے اجتناب، اتحاد و اخوت کو فروغ دینے کی اپیل

بنگلور، 19؍ مارچ (پریس ریلیز): امارت شرعیہ کرناٹک کی مجلس امارت کے اراکین مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی، مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی اور مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی نے ملت اسلامیہ کو امارت شرعیہ کرناٹک کی جانب سے عید الفطر کی پُرخلوص مبارک باد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ رمضان المبارک کے اختتام پر اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو عید الفطر کی صورت میں انعام عطا فرما رہا ہے؛ یہ دن ایک ماہ کی عبادت، تقویٰ اور اطاعت الٰہی کے بعد شکرگزاری، محبت اور اخوت کے اظہار کا مبارک موقع ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ اس بابرکت موقع پر مسلمانوں کو درج ذیل ہدایات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے:

(1) عید کی نماز سے پہلے صدقۂ فطر ضرور ادا کریں، تاکہ غریب و محتاج مسلمان بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ (2) عید کے دن غسل کرنا، مسواک کرنا، خوشبو لگانا، اچھے کپڑے پہننا، میٹھی چیز کھا کر عیدگاہ جانا اور دیگر مسنون اعمال کا اہتمام کریں۔ (3) کوشش کریں کہ عید کی نماز عیدگاہ میں اجتماعی طور پر ادا کریں تاکہ امت کی وحدت اور دینی و ملی اجتماعیت کا مظاہرہ ہو۔ (4) اپنے غریب، نادار، پڑوسیوں اور رشتہ داروں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ (5) برادرانِ وطن کے ساتھ حسنِ اخلاق اور خیرخواہی کا مظاہرہ کریں تاکہ اسلام کا خوبصورت پیغام عام ہو۔ (6) عیدگاہوں اور اپنے اطراف و اکناف میں صفائی و پاکیزگی کا خاص خیال رکھیں اور نظم و ضبط برقرار رکھیں۔ (7) عید کے دن غیر ضروری رسومات، اسراف اور فضول مشغولیات سے بچتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور دعا کا اہتمام کریں۔

بالخصوص عالم اسلام، مظلوم مسلمانوں اور دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے دعائیں کریں اور ظالموں کے ظلم کے خاتمے کی دعا کریں۔ آخر میں انہوں نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمارے روزوں، عبادتوں اور دعاؤں کو قبول فرمائے، ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں کو سال بھر باقی رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اور عید الفطر کو امت مسلمہ کے لیے حقیقی خوشیوں اور رحمتوں کا ذریعہ بنائے، آمین۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!