حاجیوں کی آمد سے قبل مطاف تقریباً خالی، عمرہ زائرین پر پابندی سے عازمین حج کو سہولتر

مکہ مکرمہ – 2 مئی 2025: حج 2025ء کے آغاز کے ساتھ ہی سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین پر عارضی پابندی عائد کیے جانے کے بعد مسجد الحرام کا مطاف غیر معمولی طور پر خالی دکھائی دے رہا ہے، جس سے ابتدائی ایام میں آنے والے عازمین حج کو طواف اور دیگر عبادات نہایت آرام اور سہولت کے ساتھ ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
عام دنوں میں لاکھوں فرزندانِ توحید سے بھرا رہنے والا مطاف اب پر سکون نظر آ رہا ہے۔ طواف کعبہ اور صفا و مروہ کی سعی کرنے والے عازمین کو رش کے بغیر عبادت کا موقع میسر ہے، جو کہ ایک بڑی سہولت سمجھی جا رہی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے مکہ پرمٹ کی سختی
سعودی گزٹ کے مطابق، وزارت داخلہ نے اس سال عمرہ زائرین، وزٹ ویزے پر موجود افراد، اور دیگر شہروں میں رہائش پذیر افراد کے لیے مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے، جو "مکہ پرمٹ” کے ذریعے کنٹرول کی جا رہی ہے۔ یہ نظام 23 اپریل 2025ء سے نافذ العمل ہے، جس کے تحت صرف وہی افراد مکہ مکرمہ جا سکتے ہیں جن کے اقامے (اقامہ) مکہ سے جاری ہوئے ہیں یا جن کے پاس منظور شدہ حج پرمٹ موجود ہے۔
سیکیورٹی اداروں کی سخت نگرانی
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ حج کے دوران کسی قسم کی قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بغیر اجازت مکہ میں داخل ہونے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور مقررہ سزائیں دی جائیں گی۔
حجاج کو پرسکون ماحول میں عبادات کی سہولت
حج سیزن کے ابتدائی دنوں میں رش نہ ہونے کے باعث عازمین کو مکمل اطمینان کے ساتھ طواف، سعی اور دیگر مناسک کی ادائیگی کی سہولت حاصل ہو رہی ہے۔ سعودی انتظامیہ کی جانب سے حرم شریف میں صفائی، سہولت کاری، اور سیکیورٹی کے اعلیٰ انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ حجاج کرام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔