قومی

جموں و کشمیر کی جیلوں پر دہشت گردانہ حملے کا خطرہ، پونچھ میں ٹفن بم برآمد

سری نگر/جموں: جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی نئی سازش کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔ خفیہ ذرائع کے مطابق دہشت گرد جموں میں واقع کوٹ بھلوال جیل اور سری نگر سنٹرل جیل کو نشانہ بنانے کی تیاری میں ہیں۔ ان جیلوں میں خطرناک دہشت گردوں سمیت سلیپر سیل سے وابستہ افراد قید ہیں۔ اسی خدشے کے پیش نظر جموں و کشمیر کی تمام جیلوں کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے اور ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، سی آئی ایس ایف (CISF) کے ڈی جی نے سری نگر میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی افسروں سے ملاقات کر کے حالات کا جائزہ لیا ہے۔ سال 2023 میں جموں و کشمیر کی جیلوں کی سیکورٹی سی آر پی ایف (CRPF) سے لے کر سی آئی ایس ایف کے سپرد کی گئی تھی۔ اب ان خفیہ اطلاعات کے بعد جیلوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے کو ناکام بنایا جا سکے۔

پونچھ میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ، ٹفن بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد

دوسری جانب، جموں کے پونچھ ضلع میں سلامتی دستوں کو ایک دہشت گردانہ سازش کا سراغ ملا ہے۔ سورن کوٹ علاقے میں فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے سے ٹفن میں چھپائے گئے تین آئی ای ڈی برآمد ہوئے ہیں، جبکہ دو دھماکہ خیز مواد لوہے کے بالٹیوں میں رکھے گئے تھے۔

یہ برآمدگی ایسے وقت پر ہوئی ہے جب حال ہی میں 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا، جس کی جانچ جاری ہے۔ این آئی اے کے ذرائع نے پہلے بھی اس بات کے اشارے دیے تھے کہ حملے میں ملوث دہشت گرد جنوبی کشمیر میں سرگرم ہیں اور دیگر دہشت گرد بھی علاقے میں موجود ہو سکتے ہیں۔

ممکنہ حملے کی تیاری، سکیورٹی ایجنسیاں چوکس

رپورٹس کے مطابق، پہلگام حملے کے دوران کچھ دہشت گرد حملہ آوروں کو کور فائر مہیا کرا کے فرار ہونے میں مدد کرنے کے لیے موجود تھے۔ اب خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہی دہشت گرد جیلوں پر حملے کی سازش رچ رہے ہیں تاکہ قید خطرناک ساتھیوں کو فرار کرایا جا سکے۔

حساس صورت حال کے مدنظر، مرکزی سیکورٹی ایجنسیاں، فوج، اور ریاستی پولیس مکمل الرٹ ہیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کھڑی ہیں۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!