آئی پی ایل 2025 کے بعد ایشیا کپ 2025 بھی منسوخ — ہند-پاک کشیدگی نے کرکٹ پر گہرے اثرات ڈالے

نئی دہلی/اسلام آباد: کرکٹ شائقین کے لیے ایک اور مایوس کن خبر سامنے آئی ہے۔ آئی پی ایل 2025 کے ملتوی ہونے کے بعد اب ’ایشیا کپ 2025‘ کو بھی رد کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ رواں سال ستمبر ماہ میں ٹی-20 فارمیٹ میں کھیلا جانا تھا، جو اب ہند-پاک کشیدگی کی نذر ہو چکا ہے۔
اس فیصلے سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسے ممالک کو ہوگا، جن کے کرکٹ بورڈز کی آمدنی کا بڑا انحصار ایسے بین الاقوامی ٹورنامنٹس پر ہوتا ہے۔ دوسری جانب، بھارت کو اس ردّی فیصلے سے کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا کیونکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) ہمیشہ سے ایشیا کپ کی کمائی کا حصہ ترک کر کے وہ رقم کمزور کرکٹ ممالک کو دیتا آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ہند-پاک سرحدی تنازعہ اور موجودہ سیاسی حالات نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو شدید متاثر کیا ہے۔ پہلے ہی آئی پی ایل 2025 کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کیا جا چکا ہے اور اب ایشیا کپ کی منسوخی نے کرکٹ کے شائقین کو مزید مایوس کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ نہ صرف ایک اعلیٰ سطحی ٹورنامنٹ ہوتا ہے، بلکہ یہ ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کی تیاری کے لیے ایشیائی ٹیموں کے لیے اہم پلیٹ فارم بھی تھا۔
سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے کچھ وقت قبل انکشاف کیا تھا کہ BCCI ایشیا کپ کی کمائی میں اپنا حصہ نہیں لیتا، بلکہ اسے دیگر ایشیائی ممالک کو دے دیتا ہے تاکہ وہ اپنی کرکٹ کا فروغ کر سکیں۔ یہی وجہ ہے کہ ٹورنامنٹ کی منسوخی کا معاشی نقصان بھارت کو نہیں، بلکہ باقی ایشیائی ممالک کو برداشت کرنا پڑے گا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ ایشیائی کرکٹ کونسل (ACC) اس بحران سے نکلنے کے لیے کیا متبادل راستہ اختیار کرتی ہے، یا کیا کوئی نیا شیڈول طے کیا جائے گا۔