ہند-پاک کشیدگی کے سبب آئی پی ایل 2025ء ایک ہفتے کے لیے ملتوی
کھلاڑیوں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے بی سی سی آئی کا بڑا فیصلہ

نئی دہلی / لکھنؤ: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کا اثر اب کھیلوں کی دنیا پر بھی نظر آنے لگا ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025ء کے بقیہ میچز کو ایک ہفتے کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت ساکیا نے جمعہ کی سہ پہر ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ:
"صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے آئی پی ایل 2025ء کو فوری طور پر ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیا جا رہا ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ سینئر حکام، آئی پی ایل گورننگ کونسل اور تمام اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشورے کے بعد لیا گیا ہے۔
اس میٹنگ میں آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومل بھی شریک تھے۔
نئے شیڈول کا اعلان جلد
بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ:
"صورتحال کا جامع جائزہ لینے اور متعلقہ حکام سے مزید مشاورت کے بعد ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول اور مقامات کے بارے میں جلد اطلاع دی جائے گی۔”
میچ منسوخ، اسٹیڈیم بند، ٹکٹ کی رقم واپس
لکھنؤ سے موصولہ اطلاع کے مطابق، آج رائل چیلنجرز بنگلور اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کے تمام دروازے بند کر دیے گئے۔ شائقین کو ٹکٹ کی رقم واپس کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو دھرم شالہ میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان ہونے والا میچ بھی منسوخ کر دیا گیا تھ
کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح
ذرائع کے مطابق، موجودہ صورتحال میں کھلاڑیوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومل نے کہا:
"ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کوئی بھی حتمی فیصلہ مرکزی حکومت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔”
اب تک کھیلے گئے 58 میچز، 12 میچز باقی
آئی پی ایل 2025ء میں اب تک 58 میچز مکمل ہو چکے ہیں جن میں ایک میچ منسوخ بھی کیا جا چکا ہے۔
گروپ مرحلے کے 12 میچز ابھی باقی ہیں۔ تمام 10 فرنچائزز اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کو فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے