ناندیڑ کے پرانے شہر میں سڑک کی خستہ حالی، شہری روزانہ پریشان

ناندیڑ، 15 مئی 2025ء – پرانے ناندیڑ شہر میں جُنا گنج سے منصور خان حویلی تک جانے والی سڑک کی حالت گزشتہ کئی سالوں سے نہایت خراب ہے، مگر میونسپل کارپوریشن نے اب تک اس طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ یہ سڑک کبھی نکاسی آب کے نظام اور سڑک کی چوڑائی کے لیے کھودی گئی تھی، لیکن تب سے اب تک اس کی مرمت یا تعمیر نہیں کی گئی۔
روزانہ سینکڑوں لوگ اس سڑک سے گزرتے ہیں، مگر نالیوں کا گندہ پانی سڑک پر بہنے کے باعث مقامی رہائشیوں اور راہ گیروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جگہ جگہ گڑھے، کیچڑ اور بدبو نے چلنا پھرنا محال کر دیا ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایتوں کے باوجود میونسپل انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔ ایک مقامی بزرگ نے کہا، "ہر روز دفتر اور اسکول جاتے وقت ہمیں گندے پانی اور کیچڑ سے گزرنا پڑتا ہے، بچوں اور بزرگوں کے لیے یہ راستہ خطرناک بنتا جا رہا ہے۔”
انتظامیہ کی خاموشی پر سوالیہ نشان یہ سڑک صرف پرانے شہر کے رہائشیوں ہی نہیں بلکہ اطراف کے علاقوں کے لیے بھی ایک اہم راستہ ہے۔ اس کے باوجود انتظامیہ اور منتخب نمائندے صرف وعدے کرتے رہے، عمل کچھ نہیں ہوا۔
شہریوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک کی فوری مرمت کی جائے اور نالیوں کی صفائی کا مستقل حل نکالا جائے۔ بصورت دیگر، عوام کو احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔