اسلامی

حج ۲۰۲۵ء : ۸؍ لاکھ ۲۰؍ ہزار عازمین سعودی عرب پہنچے

حج ۲۰۲۵ء: ۸؍ لاکھ ۲۰؍ ہزار عازمین سعودی عرب پہنچے،صحن مطاف میں ایک لاکھ ۷؍ہزار افراد فی گھنٹہ طواف کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔

زمینی راستے سے ۳۵؍ ہزار ۴۷۸؍ عازمین مملکت پہنچے جبکہ بحری ذرائع سے۲؍ ہزار ۸۲۲؍عازمین کی آمد ہوچکی ہے۔ تصویر: آئی این این
سعودی عرب میں حج سیزن ۲۰۲۵ء کیلئےدنیا بھر سے عازمین کے قافلے روزانہ کی بنیاد پر مقدس سرزمین پہنچ رہے ہیں۔سعودی میڈیاکے مطابق سعودی محکمۂ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات ۲۴؍ ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین کی تعداد ۸؍لاکھ ۲۰؍ہزار ۶۶۵؍ تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق زمینی راستے سے ۳۵؍ ہزار ۴۷۸؍ عازمین مملکت پہنچے جبکہ بحری ذرائع سے آنے والے عازمین کی تعداد ۲؍ ہزار ۸۲۲؍ رہی۔ سب سے زیادہ عازمین فضائی راستے سے مملکت پہنچے جن کی تعداد ۷؍لاکھ ۸۲؍ ہزار ۳۵۸؍ہے ۔محکمۂ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری پورٹس پر عازمین کے داخلے کے طریقۂ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
عمومی صدارت برائے امورِ مسجد حرام اور مسجدنبوی ؐنے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صحن مطاف اس سال حج کے دوران حجاج کرام کے استقبال کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور ضیوف الرحمٰن کیلئے منظم منصوبہ بندی اور اعلیٰ درجے کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ادارے نے اعلان کیا ہے کہ صحن مطاف کی گنجائش ایک لاکھ ۷؍ ہزار طواف کرنے والوں تک فی گھنٹہ پہنچ گئی ہے۔ عمومی صدارت برائے امور حرمین شریفین متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تمام وسائل کو بروئے کار لانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ صحن مطاف کی طرف جانے والے داخلی راستوں اور گزرگاہوں کو بخوبی تیار کیا جا سکے ، اس بات کا خیال رکھتے ہوئے کہ گنجائش مکمل طور پر استعمال ہو اور حجاج کرام اپنے مناسک بآسانی اور سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں۔

یہ منظر حجاج بیت اللہ الحرام کی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی سلسلے میں المسجد الحرام کے کئی داخلی راستے، مرکزی و ذیلی دروازے خصوصی طور پر مطاف کی جانب آنے جانے کیلئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ بعض دروازے صرف خدماتی امور اور ہنگامی حالات کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔ اس کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو مناسک کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنا اور ہجوم کی مؤثر نگرانی و نظم و نسق کو یقینی بنانا ہے تاکہ تمام امور طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق بخوبی انجام دیے جاسکیں۔

واضح رہےکہ مملکت کے تمام بین الاقوامی پورٹس کے امیگریشن ہالز میں کوالیفائیڈ عملہ اور جدید تکنیکی ڈیوائسز کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں غیر قانونی حج روکنے کیلئے ڈرون کا استعمال کیا جائے گا، مکہ مکرمہ کی حدود میں نگرانی کی جائے گی۔
سعودی میڈیاکے مطابق ڈرونز کی مدد سے روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ پکڑے گئے افراد کے گھر سے مزید ۱۴؍ افراد گرفتار کیے گئے ہیں، گرفتار کیے گئے افراد میں کسی کے بھی پاس حج پرمٹ موجود نہیں تھا۔ اس مرتبہ غیر قانونی طورپر حج کرنے والوںسے مملکت سختی سے نپٹنے کا اشارہ دے رہی ہے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!