حرمین ایکسپریس کے روزانہ 140 سفر، 20 لاکھ سے زائد حجاج کے لیے سفر کی آرام دہ سہولت
مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کو جوڑنے والا ماحولیاتی اعتبار سے محفوظ ترین منصوبہ

(بشکریہ – العربیہ ڈاٹ نیٹ)
سعودی عرب کی ریلوے کمپنی "سار” نے اعلان کیا ہے کہ حج 1446ھ کے سیزن میں ” الحرمین ایکسپریس” کے ذریعے روزانہ 140 تک سفر انجام دیے جا رہے ہیں، جس کے ذریعے 20 لاکھ سے زائد عازمین کو آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
"سار” کے مطابق اس سال مجموعی طور پر 4700 سے زائد شیڈول سفر ترتیب دیے گئے ہیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 4 لاکھ اضافی نشستوں کا اضافہ ہے۔ یہ اقدام حجاج کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور ان کے سفر کو مزید خوشگوار بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
جدید اور تیز رفتار نظام
الحرمین ایکسپریس سعودی عرب کے قومی ٹرانسپورٹ سسٹم کا جدید ستون ہے جو 453 کلومیٹر طویل برقی ریلوے لائن پر مبنی ہے۔ یہ لائن پانچ مرکزی اسٹیشنوں پر مشتمل ہے جن میں مکہ مکرمہ، جدہ (مرکزی اسٹیشن)، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، شاہ عبداللہ اکنامک سٹی اور مدینہ منورہ جیسے اسٹیشن شامل ہیں۔
ایئرپورٹ اسٹیشن دنیا کا سب سے بڑا اسٹیشن ہے جو براہِ راست بین الاقوامی ہوائی اڈے سے منسلک ہے، جس سے مسافر بغیر ہوائی اڈے سے نکلے ٹرین تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس نظام نے فضائی اور زمینی ٹرانسپورٹ کو مؤثر انداز میں یکجا کر دیا ہے۔
رفتار اور سہولت کی مثال
ریلوے کمپنی کے ترجمان خالد الفرحان نے سعودی خبر رساں ایجنسی "ڈبلیو اے ایس ” کو بتایا کہ حج سیزن کے دوران سفر کی تعداد بتدریج بڑھائی گئی ہے، جو اب 100 سے تجاوز کر کے مصروف اوقات میں 140 روزانہ سفر تک پہنچ چکی ہے۔ مکہ مکرمہ اسٹیشن پر ہر 25 منٹ میں ایک ٹرین پہنچتی ہے جو رش کے دوران بھی روانی کو یقینی بناتی ہے اور سڑکوں پر دباؤ کم کرتی ہے۔
الحرمین ایکسپریس کے بیڑے میں 35 جدید برقی ٹرینیں شامل ہیں، جن میں ہر ایک میں 417 نشستیں موجود ہیں۔ معذور افراد کے لیے مخصوص نشستیں بھی فراہم کی گئی ہیں، جن پر وہیل چیئر کے ساتھ باآسانی بیٹھا جا سکتا ہے۔ مکہ سے مدینہ کا سفر دو گھنٹے، جدہ سے مکہ 30 منٹ اور شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ سے مکہ کا فاصلہ 55 منٹ میں طے ہوتا ہے۔
ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا نمونہ
یہ ٹرین مکمل طور پر برقی نظام پر کام کرتی ہے اور کاربن گیسوں کے اخراج سے پاک ہے جو سعودی ویژن 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ اس سے مقامی ہوائی اڈوں اور سڑکوں پر دباؤ کم ہوتا ہے، جبکہ مذہبی، سیاحتی اور اقتصادی شہروں کو مؤثر انداز میں جوڑا جا رہا ہے۔
"حاج بلا حقيبہ” منصوبہ روبہ عمل
حجاج کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے "سار” دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے مسلسل دوسرے سال "حاج بلا حقيبہ” منصوبہ بھی چلا رہی ہے، جس کے تحت حاجی کا سامان اس کے وطن سے براہِ راست مکہ مکرمہ میں اس کی رہائش گاہ تک پہنچا دیا جاتا ہے۔ خود حاجی جدہ ایئرپورٹ پہنچ کرالحرمین ایکسپریس کے ذریعے بغیر کسی مشقت کے مکہ مکرمہ روانہ ہو جاتا ہے۔
الحرمین ٹرین سعودی عرب کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے جو جدید، مربوط اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے قیام کے لیے ویژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کی جانب رواں دواں ہے اور حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔