جعلی آئی اے ایس آفیسر بن کر نوجوانوں کو دھوکہ دینے والی ‘چالاک لیڈی ‘ گرفتار

نلگنڈہ _ نقلی شناخت کے ذریعے نوجوانوں کو دھوکہ دینے والی سریتا عرف ڈاکٹر پرتیوشا کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ وہ خود کو آئی اے ایس آفیسر، ڈاکٹر یا ڈی ایس پی کی بیٹی ظاہر کرتے ہوئے متعدد نوجوانوں کو جھانسہ دے کر رقومات وصول کر چکی تھی۔
سریتا کا تعلق تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع کے مِریال گوڑہ منڈل کے لاوڑی تانڈہ سے ہے۔ وہ طالبہ کا بھیس بدل کر ہاسٹلوں میں قیام کرتی اور ساتھی لڑکیوں کے موبائل فونز اور نقد رقم چوری کرتی تھی
کچھ عرصے سے وہ دولت مند نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی تھی، خود کو اعلیٰ افسر کی بیٹی یا ڈاکٹر ظاہر کر کے مختلف عہدوں کے نام پر دھوکہ دے رہی تھی۔
ایک سال قبل اس نے ایک ڈاکٹر کو دھمکا کر 5 لاکھ روپے وصول کیے تھے، جبکہ ایک اور نوجوان کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر رقم ہتھیا لی تھی۔
تین روز قبل اس نے ڈائل 100 پر کال کرتے ہوئے کبھی خود کو ڈی ایس پی کی بیوی تو کبھی کسی لڑکی کے قتل کی اطلاع دے کر پولیس کو بھی گمراہ کیا۔
چیتنیہ پوری، اپل، نلگنڈہ ٹو ٹاؤن، مریال گوڑہ ون ٹاؤن، نارکٹ پلی اور دیگر پولیس اسٹیشن میں اس پر چوری کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے گزشتہ روز ایک چوری کے مقدمے میں سریتا کو گرفتار کیا، اور تفتیش کے دوران یہ تمام چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے۔ پولیس نے اسے عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا ہے