مہاراشٹرا

اورنگ زیب کی تعریف پر سابق ایم ایل اے شیخ آصف کیخلاف مقدمہ درج

مالیگاؤں | نمائندہ خصوصی : مالیگاؤں میں مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کی حالیہ کانفرنس میں مغل بادشاہ اورنگ زیب کی تعریف کرنے پر سابق رکن اسمبلی شیخ آصف کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ کارروائی پونے کے ہڑپسر میں رہنے والے دتا گائیکواڑ کی شکایت پر کی گئی ہے، جس نے الزام لگایا ہے کہ شیخ آصف کے بیان سے اس کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

دتا گائیکواڑ نے ایک ویڈیو ریل دیکھنے کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی، جسے بعد میں مالیگاؤں تعلقہ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، اس معاملے کی تفتیش سینئر افسر تشار بدھاکر کر رہے ہیں اور ایڈیشنل ایس پی تیغ بیر سنگھ سندھو نگرانی کر رہے ہیں۔

شیخ آصف نے ۲۲ جون کو کانفرنس کے دوران کہا تھا: "اورنگ زیب ایک نیک انسان تھے، جو حلال روزی کمانے کے لیے ٹوپیاں سِل کر گزارا کرتے تھے۔” اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر خاصا ردِعمل دیکھنے کو ملا اور کچھ حلقوں کی جانب سے اعتراضات بھی اٹھے۔

اسی دوران سکل ہندو سماج کے ایک وفد نے ایڈیشنل کلکٹر دیودتّ کیکان سے ملاقات کرکے مطالبہ کیا کہ شیخ آصف کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ان کا الزام ہے کہ کانفرنس میں مالیگاؤں کے مسلمانوں کو آپس میں تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی اور ہندو معاشرے کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔

شیخ آصف نے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا: "میں نے جو کہا، اُس پر قائم ہوں۔ عوامی مشورے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔”
تنظیم کے رکن محمد مستقیم نے بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ "کسی غیر مسلم حکمراں کے خلاف کچھ نہیں کہا گیا۔ صرف اورنگ زیب کی سادگی کا ذکر کیا گیا، جسے غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔”

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!