اداکارہ شیفالی زری والا کی پراسرار موت، پولیس نے شوہر سمیت چار افراد کے بیانات قلمبند کیے

ممبئی، 28 جون: معروف ماڈل اور اداکارہ شیفالی زری والا کی اچانک موت کے بعد ممبئی پولیس نے معاملے کی گہرائی سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی طور پر دل کا دورہ موت کی وجہ بتایا گیا، تاہم پولیس نے معاملے کے حساس نوعیت کو دیکھتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔
شیفالی کے شوہر پراگ تیاگی، گھریلو ملازمہ، خانساماں اور فٹنس ٹرینر سمیت چار افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔ پولیس نے ان افراد سے شیفالی کی روزمرہ کی عادات، طبی کیفیت اور موت سے قبل کے حالات پر تفصیلی معلومات حاصل کی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، اداکارہ کی لاش کوپر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے رکھی گئی ہے، جہاں ان کے اہل خانہ اور قریبی دوست بھی موجود ہیں۔ اسپتال میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، اور پولیس کی فارنسک ٹیم نے ہفتے کی صبح ان کے گھر سے شواہد اکٹھا کیے۔
شیفالی کے فٹنس ٹرینر نے بتایا کہ وہ صحت کے معاملے میں انتہائی سنجیدہ تھیں اور اپنی خوراک، ورزش اور مرگی (ایپی لیپسی) کے علاج پر پوری توجہ دیتی تھیں۔ ان کے مطابق، ’’دو دن قبل ہماری ملاقات ہوئی تھی، اور اُس وقت وہ مکمل طور پر نارمل اور پُرعزم تھیں۔‘‘
پولیس نے ابتدائی طور پر موت کو قدرتی قرار دیا ہے، لیکن ایک بظاہر تندرست شخصیت کی اچانک موت نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اس معاملے کی حقیقت کو سامنے لانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
شیفالی زری والا کو 2002 میں گانے ’کانٹا لگا‘ سے شہرت ملی تھی، اور وہ متعدد ریئلٹی شوز اور لائیو پرفارمنسز میں بھی شرکت کر چکی تھیں۔ ان کے انتقال پر فلمی صنعت میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
کامیڈین سنیل پال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’شیفالی نہایت باصلاحیت، خوبصورت اور پروفیشنل فنکارہ تھیں، ان کے ساتھ کام کرنا یادگار رہا۔ ان کا یوں چلے جانا دل دہلا دینے والا ہے۔‘‘
42 سالہ اداکارہ کی موت نے ان کے مداحوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ اب سب کی نظریں پوسٹ مارٹم رپورٹ پر جمی ہوئی ہیں، جو اس افسوسناک سانحے کی اصل وجہ کو بے نقاب کرے گی۔