جنگِ عظمت کے ہیرو شھید عبدالحمید کی یومِ پیدائش جلگاؤں میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
1965 کی ہند-پاک جنگ کے ناقابلِ فراموش ہیرو، پرم ویر چکر سے سرفراز شہید عبدالحمید کی جینتی جلگاؤں کے تانبہ پورہ شاما فائر علاقہ میں واقع شہید عبدالحمید چوک پر مؤثر انداز میں منائی گئی۔اس پُراثر موقع پر شہید کے نام کی تختی پر گل پوشی کی گئی اور اُن کے عظیم حوصلے، بے مثال قربانی اور روحانیت سے لبریز حب الوطنی کو یاد کیا گیا۔شہید عبدالحمید نے 1965 کی جنگ میں پاکستانی ٹینکوں کو تباہ کر کے ناقابلِ تصور شجاعت کا مظاہرہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ اُن کی اِس قربانی کے اعتراف میں حکومتِ ہند نے انہیں بعد از شہادت ملک کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز "پرم ویر چکر” سے نوازا۔شہید عبدالحمید کا جنم 1 جولائی 1933 کو ریاست اترپردیش کے ضلع غازی پور کے گاؤں دھامو پور میں ہوا۔
اُن کے والد محمد عثمان اور والدہ سکینہ بیگم تھیں۔ انہوں نے دیوا گاؤں کے جونیئر ہائی اسکول سے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی، بعد ازاں وہ والد کے پیشہ میں مددگار بنے۔ سال 1954 میں وہ بھارتی فوج میں داخل ہوئے اور اُن کی تقرری 4 گرینیڈیئر رجمنٹ میں ہوئی۔10 ستمبر 1965 کو کھیما کرن سیکٹر میں دشمن سے لڑتے ہوئے وہ مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ ان کی بہادری آج بھی بھارتی فوج اور ہر محبِ وطن کے دل میں جوش و ولولہ پیدا کرتی ہے۔اس روح پرور تقریب میں جلگاؤں کے ممتاز سماجی کارکنان جن میں آصف شاہ باپو، جمیل بھائی، پولیس کانسٹیبل عمران بیگ، اسماعیل خان (بلڈنگ پینٹر)، عزیز بابا، شاہنواز بھائی، عقیل بھائی بھنگار والے، نبی دادا اور ادریس باغبان سمیت کئی شخصیات نے شرکت کی اور شہید کے حضور گل ہائے عقیدت پیش کیے۔ان کی زندگی اور قربانی نوجوان نسل کے لیے نہ صرف ایک سبق ہے بلکہ حوصلہ اور جذبے کی وہ شمع ہے جس کی روشنی کبھی مدھم نہیں ہو سکتی۔