حمایت نگر میں دو کریانہ دکانوں سے گٹکھا ضبط، فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کی کارروائی

ناندیڑ، 4 جولائی: ناندیڑ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) دفتر کی ٹیم نے اچانک حمایت نگر کا دورہ کر کے شہر کے دو کریانہ دکانوں پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔ یہ کارروائی میسز پرنَو کریانہ اسٹور، دکشا بھومی چوک اور میسز سلیم کریانہ اسٹور، خوبا چوک پر کی گئی۔
چھاپے کے دوران پرنَو کریانہ اسٹور سے دیپک ہری چندر امرت ساگر (عمر 28، ساکن کالیکا نگر، حمایت نگر) کے قبضے سے راجنواس، وِمل، ڈائریکٹر اسپیشل، مسافر، ساگر پاؤچ گٹکھا اور مختلف خوشبودار تمباکو جیسے ممنوعہ اشیاء کا ذخیرہ ضبط کیا گیا، جن کی مالیت 27,688 روپے بتائی گئی ہے۔
اس ضمن میں فوڈ سیفٹی آفیسر رشیکیش مارے وار نے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ ایکٹ 2006 کی دفعات 26، 27، 30(2)(a)، 59 اور بھارتیہ نیائے سنہتا (نئی فوجداری ضابطہ) کی دفعات 123، 223، 274، 275 کے تحت حمایت نگر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
اسی طرح میسز سلیم کریانہ اسٹور، خوبا چوک پر بھی چھاپہ مار کارروائی کے دوران 1,950 روپے مالیت کے ممنوعہ خوشبودار پان مسالہ اور گٹکھا برآمد ہوا۔ موقع پر موجود عبدالاحمد لال محمد (عمر 47، ساکن سبھاش چوک، حمایت نگر) اور دکان کے مالک عبدالجبار عبدالمجید (خوبا چوک، حمایت نگر) کے خلاف بھی فوڈ سیفٹی آفیسر انکیت بھیسے نے اسی دفعات کے تحت پولیس شکایت درج کرائی ہے۔
کارروائی کے بعد دونوں دکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ یہ ساری مہم سہائک کمشنر رام بھرکڈ اور سنجے چٹے کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ اس کارروائی میں فوڈ سیفٹی آفیسران رشیکیش مارے وار، انکیت بھیسے، ارون تمڈوار، ٹرینی افسر اویناش گری، شلپا شریرامے، امرتا دوداٹے، سیمپل اسسٹنٹ بالاجی سونٹکے اور پولیس انسپکٹر امول بھگت سمیت دیگر پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔
یہ کارروائی غیرقانونی اور صحت کے لیے مضر مصنوعات کی خرید و فروخت کے خلاف ایک مضبوط قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ محکمے کو دیں۔