ضلع ناندیڑ کے لیے فخر کا لمحہ: محمد عبدالقیوم سر کی دختر مدیحہ مسرت نے کامیابی کے ساتھ C.A کا امتحان پاس کر لیا

بھوکر، 6 جون: تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھوکر کے معروف معلم محمد عبدالقیوم سر (برسرِ خدمت، ضلع پریشد اسکول بھوکر) کی دختر نیک اختر مدیحہ مسرت نے کامیابی کے ساتھ چارٹرڈ اکاؤنٹنسی (C.A) کا دشوار ترین امتحان کامیاب کر کے اپنا کورس مکمل کر لیا ہے۔
مدیحہ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان کے لیے بلکہ پورے بھوکر اور ضلع ناندیڑ کے لیے فخر کا باعث ہے۔ C.A کا شمار ملک کے سب سے مشکل اور معتبر پیشہ ورانہ کورسز میں ہوتا ہے، جسے کامیابی سے مکمل کرنا محنت، صبر اور غیر معمولی ذہانت کا متقاضی ہوتا ہے۔
مدیحہ مسرت کی اس شاندار کامیابی پر تعلیمی حلقوں، عزیز و اقارب، اساتذہ کرام، اور مقامی معززین کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کے والد محمد عبدالقیوم سر نے اس موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب رب کریم کی مہربانی، بیٹی کی محنت اور دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
مدیحہ نے اپنی کامیابی والدین، اساتذہ اور دوستوں کی رہنمائی و حوصلہ افزائی کے نام کی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ لگن، مستقل مزاجی اور خود اعتمادی کے ساتھ ہر خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔
مدیحہ کی یہ کامیابی یقیناً کئی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔