شہر

ناندیڑ کے داخلی راستے پر کھڈوں کا راج، شہری ناراض — بلدیہ کی غفلت پر سوالیہ نشان

ناندیڑ | نمائندہ خصوصی — شہر کے اہم داخلی راستے ناندیڑ تا حیدرآباد مین روڈ پر واقع دیگلور ناکہ سے پرانے برج تک کی سڑک خستہ حالی کی شکار ہے۔ عیدگاہ کمان کے سامنے 3 فٹ چوڑے اور 5 فٹ لمبے گہرے گڈھے بن چکے ہیں، جنہوں نے نہ صرف گاڑی چلانے والوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے بلکہ کسی بڑے حادثے کا خطرہ بھی بڑھا دیا ہے۔

یہ سڑک ناندیڑ شہر میں داخل ہونے کا مرکزی راستہ ہے، جو نظام دور کے پرانے علاقے سے ہو کر گزرتی ہے۔ روزانہ ہزاروں گاڑیاں، بشمول اسکول بسیں، مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسیں اور تجارتی گاڑیاں اسی راستے سے شہر میں داخل ہوتی ہیں۔ بارش کی وجہ سے سڑک کے کھڈے مزید گہرے اور خطرناک ہوگئے ہیں، اور لگتا ہے کہ ناندیڑ مہانگر پالیکا کسی بڑے حادثے کے بعد ہی بیدار ہوگی۔

مقامی عوام میں شدید غصہ
شہریوں کا کہنا ہے کہ "یہ نہ صرف سڑک کی خستہ حالی ہے بلکہ انتظامیہ کی لاپروائی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔” کئی افراد کا ماننا ہے کہ مہانگر پالیکا اور متعلقہ محکمہ اس سڑک کی حالت پر جان بوجھ کر آنکھیں بند کیے بیٹھے ہیں۔

مقامی دکانداروں اور راہگیروں نے بتایا کہ ان کھڈوں کی وجہ سے اکثر دو پہیہ گاڑیاں سلپ ہو جاتی ہیں، اور چھوٹے بچوں و بزرگوں کے لیے سڑک پار کرنا خطرناک بن چکا ہے۔

ایمبولینس ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ مریضوں کو لے جاتے وقت ان گڈھوں سے بچنا مشکل ہوتا ہے، جس سے مریض کی حالت مزید بگڑنے کا خدشہ رہتا ہے۔

شہریوں کی مانگ:
مقامی لوگوں نے مہانگر پالیکا سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ان خطرناک کھڈوں کو بھرا جائے اور سڑک کی مرمت کا کام کیا جائے۔ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو شہری احتجاج کا راستہ اپنا سکتے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ کب جاگتی ہے اور ناندیڑ کے اس اہم راستے کو سفر کے قابل بناتی ہے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!