صحابہ کرامؓ کی شانِ اقدس میں گستاخی ناقابلِ برداشت ہے، دفاع صحابہؓ وقت کی اہم ترین ضرورت!
مرکز تحفظ اسلام ہند کے ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“ سے مفتی افتخار احمد قاسمی اور مولانا مقصود عمران رشادی کے خطابات!

بنگلور، 12/ جولائی (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیرِ اہتمام منعقد عظیم الشان آن لائن”عظمت صحابہ ؓکانفرنس“ کی پہلی و افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرست اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر حضرت مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب نے فرمایا کہ ایمان اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہے، اگر کوئی اس سے محروم ہے تو وہ ہر دولت و مقام کے باوجود خالی ہے۔ آج کا سب سے بڑا فتنہ یہ ہے کہ انسان کے دل و دماغ کو ایمان سے خالی کر دیا جائے۔ بالخصوص نوجوان نسل فکری گمراہی اور ذہنی ارتداد کا شکار ہو رہی ہے۔ ایسے ماحول میں جہاں ایمان کو متزلزل کرنے کی منصوبہ بند کوششیں جاری ہیں، وہاں صحابہ کرامؓ کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے، شکوک و شبہات اور گستاخانہ رویے اختیار کر کے مسلمانوں کے ایمان پر ڈاکہ ڈالنے کی مذموم سازشیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ جس قرآن پر ہمارا ایمان ہے، وہی قرآن صحابہ کرامؓ کی عظمت اور برتری کی گواہی دیتا ہے، ان کی تعریف و توصیف کرتا ہے، اور انہیں رضی اللہ عنہم و رضوا عنہ کے لقب سے نوازتا ہے۔ ایسے میں صحابہؓ کی شان میں گستاخی کرنا گویا قرآن اور ایمان دونوں سے انکار کے مترادف ہے۔ مولانا قاسمی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بعض لوگ اہلِ بیتؓ کے نام پر دیگر صحابہ کرامؓ کی توہین اور تنقیص کر رہے ہیں، حالانکہ خود اہلِ بیتؓ نے تمام صحابہ کرامؓ کی تعظیم و توقیر کی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے متعدد مواقع پر صحابہؓ کے فضائل بیان کیے، ان کے ایمان، قربانی، اخلاص اور وفاداری کو سراہا۔