مہاراشٹرا
ساجد اختر کے ریاستی سطح پر منتخب احباب نے پیش کی تہنیت

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) کل ہند سطح پر حکومت سے منظور و اندراج شدہ اور اپنے مقاصد نیز کام کے اعتبار سے منفرد اساتذہ تنظیم آئیٹا (آل انڈیا ٹیچرس اسوسی ایشن) کے ریاست مہاراشٹر کے عہدیداران میں ضلع جلگاؤں کے موجودہ ضلعی سیکریٹری شیخ ساجد اختر عبدالرؤف (ملّت پرائمری اسکول، مہرون، جلگاؤں) کو منتخب کیا گیا ہے۔ اس بابت شہر جلگاؤں یونٹ کی جانب سے ایک تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت آئیٹا کے ضلعی صدر جانثار اختر نے انجام دی۔تقریب میں شہر سیکریٹری شیخ آصف ہارون ، رفیق خان ، ساجد رفیق خان ، اشفاق شیخ ، تبریز اسلم اور شیخ زیان احمد موجود تھے۔
استقبال کے بعد ساجد رفیق خان نے نومنتخب ساجد اختر کو ایک پودہ بطور ہدیہ پیش کیا۔ ضلعی صدر جانثار اختر نے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ اس پودے کی طرح آئیٹا بھی بہت سی شاخوں کے ساتھ تعلیمی کارواں کے مسافروں کو سایہ بخشے گی۔ صاحب اعزاز ساجد اختر نے ساتھیوں کے شکریہ کے بعد ضلع بھر میں آئیٹا کو منظم کرنے اور نئے یونٹس قائم کرنے کے عزائم کا اظہار کیا۔